نیٹو سپلائی روکنے سے امریکا پر کوئی اثر نہیں پڑیگا الطاف حسین

انتہا پسند جماعتیں سچی ہیں تو امریکی سفارتخانے پر بھوک ہڑتال کریں، ڈرون حملے کی مذمت


Express Desk November 29, 2013
انتہا پسند جماعتیں سچی ہیں تو امریکی سفارتخانے پر بھوک ہڑتال کریں، ڈرون حملے کی مذمت۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے شمالی وزیرستان میں کیے جانیوالے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت، تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور دیگر انتہا پسند مذہبی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ میں اپنے بیانات میں بار بار یہ کہہ چکا ہوں کہ احتجاجی جلسہ اور جلوس کرنے یا نیٹو سپلائی روکنے سے امریکا کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ اب اگر یہ جماعتیں جلسے جلوس کے ذریعے ڈرون حملے بندکرانا چاہتی ہیں ،واقعی اپنے نعروں میں سچی ہیں اور پاکستان کے معصوم عوام کو بیوقوف بناکر ان کے جذبات سے نہیں کھیلتیں تو ان جماعتوں کے رہنماؤں کا فرض ہے کہ وہ آج کسی بھی وقت امریکن ایمبیسی کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کریں اور جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوجاتے وہ تادم مرگ بھوک ہڑتال جاری رکھیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ بہت سے لوگ یہ بہانہ بناسکتے ہیں کہ اتنی رات گئے بیان کیسے جاری ہوسکتا ہے تو جب قومیں حالت جنگ میں ہوں تو پھر صبح شام اور رات دن سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وطن کی حفاظت کیلیے ہرلمحہ بیداراورچوکس رہنا پڑتا ہے۔



الطاف حسین نے کہاکہ اگر یہ رہنما امریکن ایمبیسی کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال نہیں کرتے تو پھر میں ان سے گزارش کروں گا کہ وہ قوم کے جذبات سے ہرگز نہ کھیلیں اور ملک کے نظم ونسق کو خراب سے خراب تر نہ کریں اور خدارا !! پاکستان پر رحم کریں۔ الطاف حسین نے کہاکہ اگر ان جماعتوں کے رہنما امریکن ایمبیسی پر تادم مرگ بھوک ہڑتال نہیں کرسکتے توپھر وہ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر وزیراعظم ہاؤس کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں