خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

روپے گم ہو جانا
محمودہ کلثوم، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میرے کسی رشتے دار نے ہمارے پاس کچھ پیسے رکھوائے ہیں جو کہ ہم سے گم ہو گئے ہیں اور ہم سب بہت زیادہ پریشان ہیں۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے۔کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

گھر میں سانپ
سنبل شکیل، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے گھر کے صحن میں ایک کالے رنگ کا سانپ ہے جو اچانک میرے بیٹے کو نظر آتا ہے۔ پھر ہم سب اسے دیکھنے کے لئے باہر نکلتے ہیں ، مگر وہ صحن میں پڑی چیزوں کے پیچھے چلا جاتا ہے۔ میرا بیٹا چیزیں ہٹانے کی کوشش کرتا ہے تا کہ اس کو نکالے مگر میں بہت خوفزدہ ہو جاتی ہوں ۔ بس اس کو منع ہی کرتی جا رہی ہوتی ہوں۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

بدبودار کھانا
صبیحہ اسلام، اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری جٹھانی نے ہم سب کو کھانا بھیجا ہے جو کہ انتہائی بدبو دار اور کڑوا ہوتا ہے۔ ہم سب اس کو کھا نہیں سکتے۔ پھر میری ساس کہتی ہیں کہ وہ کسی ہمسائے سے منگا کے کھا لیتی ہیں تا کہ بعد میں اپنی دواء لے سکیں ۔ مگر ان کا سالن بھی بہت برا ہوتا ہے۔ اور میری ساس وہ بھی نہیں کھا سکتیں ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

نعتیہ محفل میں شرکت
ثاقب یونس، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک نعتیہ محفل میں شرکت کے لئے اپنے دوست کے ساتھ جاتا ہوں ۔ وہاں بڑے اچھے اچھے نعت خواں تشریف لائے ہوتے ہیں ۔ یہ نعت خواں ہمارے نبیؐ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہوتے ہیں ۔ ان کا کلام بہت اچھا ہوتا ہے۔ میں بھی اس محفل کو سننے کے لئے وہاں ایک کونے میں بیٹھ جاتا ہوں ۔ بہت مزہ آ رہا ہوتا ہے اور میں خوب خشوع و خضوع سے سب سن رہا ہوتا ہوں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے دین و دنیا میں بھلا ہو گا ۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی جس سے مال و وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ دین کے ساتھ وابستگی زیادہ ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے حضور کریمؐ کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ لازمی کیا کریں ۔

داد کے دوست شکر قندی لاتے ہیں
چودھری محبوب، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور میرے دادا جان کے دوست ہمارے لئے شکر قندی لاتے ہیں۔ ہماری چچی سب کے لئے دودھ میں وہ شکر قندی پکا کے لاتی ہیں ۔ ہم سب لوگ بہت مزے سے اس کو کھاتے ہیں۔ اس کا ذائقہ بے حد لذیذ ہوتا ہے ۔ میں اپنی چچی سے کہتا ہوں کہ مجھے زیادہ پیک کر دیں تا کہ میں اپنے ساتھ لے جا سکوں ۔ پھر میں دیکھتا ہوں کہ میں کسی بزرگ کے مزار پہ ہوں اور وہاں ایک بزرگ بیٹھے ہیں، میں ان کی خدمت میں وہ شکرقندی پیش کرتا ہوں تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں اور مجھے دعائیں دیتے ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے بزرگوں سے فیض ملے گا ۔ اور ان کی خدمت کرنے کی بھی سعادت حاصل ہو گی۔ دین و دنیا دونوں میں کامیابی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں