ثناء میر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہوں جس نے ملک کی نمائندگی کا موقع دیا، ثناء میر


تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہوں ثناء میر ۔ فوٹو:فائل

قومی ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

ثناء میر اپنے 15 سالہ کرکٹ کیرئیر کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا، یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔

ثناء میر نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز اور گرین جرسی زیب تن کرنا قابل فخر لمحہ ہوتا ہے، اب یہ وقت آگے بڑھنے کا ہے، انشاءاللہ خدمت کا یہ سلسلہ کسی اور انداز میں جاری رہے گا۔

ثناء میر نے اپنے کیرئیر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی اور 2009-2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی۔ ثناء میر نے ایک روزہ کرکٹ کیرئیر کا آغاز دسمبر2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جب کہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلا۔

ثناء میر نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1630 رنز بنائے، ثناء میر کا شمار ان 9 خواتین کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نےایک روزہ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1000 رنز بنائے۔اس فہرست میں آسٹریلیا کی لِسا اسٹالیکر کاپہلا نمبر ہے۔

آل ٹائم بولرز کی فہرست میں ثنا میر کاانیسہ کے ساتھ چوتھا نمبر

ثنا میر نے پاکستان کیلیے کرکٹ میں کئی کارنامے انجام دیے، انھوں نے ون ڈے کیریئر کا آغاز دسمبر2005 میں سری لنکا کے خلاف کراچی میں کیا،انھوں نے آخری میچ نومبر2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف لاہور میں کھیلا، ثنا نے120 میچز میں 151وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ1630رنز بھی بنائے، آل ٹائم بولرز کی فہرست میں وہ ویسٹ انڈین انیسہ محمد کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں،اکتوبر 2018 میں آئی سی سی ویمنز ون ڈے بولرز رینکنگ میں ثنا میر پہلی پوزیشن پر آئیں،ان کے سوا کسی پاکستانی خاتون بولر کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہوا، ثناء میر کا شمار ان 9 ویمن کرکٹرز میں ہوتا ہے۔

جنھوں نے ون ڈے کرکٹ میں 100وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 1000 رنز بھی بنائے، انھوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی شروعات مئی 2019 میں آئرلینڈ کے خلاف کی، آخری میچ اکتوبر 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔آل راؤنڈر نے 106 ٹی ٹوئنٹی میچزمیں 89 وکٹیں اڑانے کے ساتھ802رنز بھی بنائے، انھوں نے72 ون ڈے اور 65 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی قیادت کا اعزاز پایا،اس دوران 26 ون ڈے اور 26 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔2013 اور 2017 کے ورلڈکپ سمیت5 آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ایونٹس میں بھی ثنا کپتانی کرتے نظر آئیں۔

اس میں 2009، 2010، 2012، 2014 اور 2016 کے ورلڈکپ شامل ہیں، انھیں وزڈن ویمنز ٹیم آف ڈیکیڈ کی کپتان نامزد کیا گیا،وہ بھارتی متھالی راج کے ہمراہ بطور کھلاڑی آئی سی ویمنز کمیٹی میں شامل ہوئیں،اس وقت ثنا میر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں بالترتیب نویں اور 41ویں نمبر پر موجود ہیں، وہ 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ تھیں۔

پی سی بی ثنا کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے ، کولزکا مشورہ

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے سابق غیر ملکی ہیڈ کوچ مارک کولز نے ثنا میر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے، آسٹریلیا میں مقیم نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولز نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ستمبر 2017 سے اکتوبر2019 کے دوران 2 سال دو ماہ تک بطور ہیڈ کوچ مجھے ثنا میر جیسی باصلاحیت ویمن کرکٹر کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا،وہ غیر معمولی صلاحیت کی حامل،ٹیم کیلیے بے لوث اور پْرعزم کرکٹر تھیں،انھوں نے خود غرضی سے بالاتر ہو کر کے ہمیشہ ٹیم کے مفاد کو ترجیح دی،پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ان کے ریٹائرمنٹ سے ایک اچھی کھلاڑی سے محروم ہوگئی ہے۔

وہ نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی ویمن کرکٹ میں اعلیٰ ترین مقام کی حامل تصور ہوتی ہیں، مارک کولز نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اچھا کوچ بننے کیلیے ثنا میر سے بھی سیکھا جس کیلیے ان کا مشکور رہوں گا،انھوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان ایک اچھا قائد ہونے کے ناطے ویمن کرکٹ کیلیے ثنا میر کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے،ذمہ داری کی ادائیگی کیلیے انا کو بالائے طاق رکھنا چاہیے، امید ہے کہ ثنا میر جلد یا بدیر پاکستان کرکٹ بورڈ کا حصہ بن جائیں گی۔

ثنا میر دنیا بھر کی لڑکیوں کے لیے رول ماڈل ہیں، آئی سی سی

آئی سی سی نے ثنا میر کی خدمات کو سراہتے ہوئے انھیں حقیقی اسپورٹس سفیر قرار دیا ہے،ترجمان نے کہا کہ سابق پاکستانی کپتان دنیا بھر کی لڑکیوں کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔کرکٹ کی عالمی باڈی نے ثنا میر کے کھیل کو خیرباد کہنے پر ان کی تین منٹ پر مبنی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کی،اس میں کارکردگی کی جھلکیاں اورانٹرویو بھی شامل ہے۔ مداحوں کی جانب سے بھی ثنا میر کے لیے تعریفی کلمات ادا کیے جاتے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں