کپور خاندان کی پشاور میں موجود تاریخی حویلی

کپور خاندان کا تاریخی حویلی کو میوزیم میں بدلنے کا خواب پورا نہ ہوسکا


احتشام خان May 01, 2020
کپور خاندان کی پشاور میں موجود تاریخی حویلی جسے میوزیم میں بدلنے کا ان کا خواب پورا نہ ہوسکا

بالی ووڈ لیجنڈ رشی کپور کے آباواجداد کی تعمیر کردہ تاریخی حویلی پشاور میں موجود ہے جسے رشی کپور اور اہل خانہ میوزیم میں بدلنا چاہتے تھے لیکن تاحال ان کا یہ خواب پورا نہ ہوسکا اور رشی کپور دنیا چھوڑ گئے۔

کپور حویلی رشی کپور کے پردادا پرتھوی راج کپور نے 1918ء سے 1922ء کے درمیان تعمیر کروائی تھی، پشاور کے پرانے باسیوں کے مطابق 1990ء میں کپور خاندان کے دو بڑے نام ششی کپور اور رشی کپور پاکستان کے دورے پر آئے جہاں وہ اپنے آبا و اجداد کے شہر پشاور بھی آئے، کپور حویلی پہنچنے پر قصہ خوانی میں ایسے مناظر تھے کہ جیسے پورا شہر امڈ آیا ہوا۔

Rashi Kapoor arrived family property in Peshawer Pakistan 2

سیکریٹری ہیریٹیج کونسل خیبرپختونخوا شکیل وحید اللہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ 2009ء میں پہلی بار ان سے بھارت میں ملاقات ہوئی، رشی کپور نے خاص طور پر اپنے خانساماں کو کہا کہ کسی طرح بھی ممکن ہو ان مہمانوں کے لیے پشاوری قہوہ بناؤ۔ شکیل وحید اللہ کے مطابق ان کی دلی خواہش تھی کہ کپور حویلی میں ایک میوزیم بنایا جائے جہاں کپور خاندان کے فلمی کیرئیر کی یادگاریں رکھی جائیں، حویلی کی ایک منزل پر سلائی سینٹر یا کمپیوٹر سینٹر بنایا جائے جس سے مقامی لوگوں کی مدد کی جائے۔

Rashi Kapoor arrived family property in Peshawer Pakistan

شکیل وحید اللہ کے مطابق میوزیم کے لیے اس وقت رشی کپور نے حکومت پاکستان سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن اس پر آج تک عملی اقدام نہ اٹھایا جاسکا، کپور خاندان نے پشاور سے گئے وفد کی 2013ء میں بھی بہت عزت افزائی کی، کپور خاندان نے بتایا کہ 1990ء میں وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے کراچی آئے تھے بعد ازاں پشاور میں اپنے آبا و اجداد کا مکان دیکھنے کے لیے حکومت پاکستان سے اجازت لی اور کپور حویلی کو دیکھ جو مسرت ہوئی وہ کبھی بھلا نہیں سکتے۔

یہ پڑھیں : رشی کپور67 سال کی عمرمیں انتقال کرگئے

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں