اسپتال جانے سے گریزاں مریضوں کیلیے آن لائن سہولت متعارف

مریض بغیر کوئی فیس ادا کیے گھر بیٹھے ڈاکٹر سے طبی مشورہ کرسکیں گے


حفیظ تنیو May 15, 2020
289کنسلٹنٹ سے مشورے کے بعد طالبعلم آفتاب نے ایپلی کیشن متعارف کرادی (فوٹو: فائل)

کورونا کی وبا پھیلنے اور شہروں میں لاک ڈاؤن کے باعث بہت سے افراد جو دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں یا طبی مسائل کا شکار ہیں ایسے افراد اب اسپتال جانے سے گریز کرنے لگے ہیں کہ جہاں انھیں ان دنوں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔

ایسے تمام افراد کے لیے ایک نئی آن لائن سہولت متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے وہ گھر بیٹھے ڈاکٹر سے طبی مشورہ کرسکیں گے اور وہ بھی بغیر کوئی فیس ادا کیے۔کسی ایمرجنسی کی صورت میں مریض اپنے اسمارٹ فون یا کمپیوٹرکے ذریعے طبی سہولت www.tibisahulat.com کے ذریعے حاصل کرسکتے ہییں۔

یہ ایپلی کیشن سافٹ انجینئرینگ کے طالب علم آفتاب احمد نے متعارف کرائی ہے اور اس میں انھوں نے پاکستان کے 289 بڑے کنسلٹنٹ سے مشورے کیے جس کے بعد یہ ایپ پیش کی گئی ہے۔

ایکسپریس سے بات چیت میں آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مریض پاکستان کے بڑے نامور طبی ماہرین اور سرجن سے کوئی بھی سوال یا مسئلے پر بات کرسکتا ہے اور اس کے لیے وہ کال کرسکتا ہے یا پھر چیٹنگ کے ذریعے بھی معلومات لی جاسکتی ہے۔ یہ سروس چوبیس گھنٹے میسر ہے اور لوگ اس میں طبی ماہرین کے تجربے اور مہارت کو دیکھتے ہوئے اپنی مرضی سے کسی سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے آفتاب احمد نے بتایا کہ کسی بھی سوال کا جواب 15 سے 20 منٹ کے اندر دے دیا جاتا ہے جبکہ جن لوگوں کے پاس پہلے کی رپورٹس موجود ہیں وہ اسے آن لائن اپ لوڈ بھی کرسکتے ہیں تاکہ ڈاکٹر اس کا جائزہ لے سکیں۔ اس ایپ سے منسلک تمام ڈاکٹرز کسی نہ کسی مرض کے اسپیشلسٹ ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔