یہ تھے ہمارے حکمراں
یہ تھے ہمارے حکمراں جو عوام کی جان و مال کے نگہبان اور رعایا کا خیال رکھنے سنجیدہ اور خود کو ذمہ دار سمجھتے تھے
KARACHI:
امیرالمومنین حضرتِ عمر بن خطابؓ نے ایک مرتبہ شدید سرد اور تاریک رات میں ایک جگہ آگ روشن دیکھی۔ چناں چہ وہاں تشریف لے گئے۔ ان کے ساتھ جلیل القدر صحابی حضرتِ عبدالرحمن بن عوفؓ بھی تھے۔ حضرتِ عمرؓ نے آگ کے پاس ایک عورت کو دیکھا جس کے تین بچے زار و قطار رو رہے تھے۔
ایک بچہ کہہ رہا تھا: امی جان! ان آنسوؤں پر رحم کھا اور کچھ کھانے کو دے۔ دوسرا بچہ یہ کہہ کر رو رہا تھا! لگتا ہے شدید بھوک سے جان چلی جائے گی۔ تیسرا بچہ کہہ رہا تھا: امّی جان! کیا موت کی آغوش میں جانے سے پہلے مجھے کچھ کھانے کو مل سکتا ہے۔۔۔۔ ؟
حضرتِ عمر بن خطاب ؓ آگ کے پاس بیٹھ گئے اور عورت سے پوچھا: اے اﷲ کی بندی! تیرے اس حال کا ذمے دار کون ہے۔۔۔۔ ؟
عورت نے جواب دیا: میری اس حالت کا ذمے دار امیرالمومنین عمرؓ ہے۔
حضرتِ عمرؓ نے دریافت کیا: کوئی ہے جس نے عمر کو تمہارے اس حال سے آگاہ کیا ہو۔۔۔ ؟
عورت نے جواب دیا: ہمارا حکم ران ہوکر وہ ہم سے غافل رہے گا ؟ یہ کیسا حکم ران ہے، جس کو اپنی رعایا کی کچھ خبر نہیں ؟
یہ جواب سن کر حضرتِ عمر بن خطابؓ بیت المال گئے اور دروازہ کھولا۔
بیت المال کا محافط بولا: خیر تو ہے امیرالمومنینؓ ؟
حضرتِ عمرؓ نے اس کا جواب نہیں دیا اور آٹے کی ایک بوری، گھی اور شہد کا ایک ایک ڈبا بیت المال سے نکالا اور چوکی دار سے فرمایا: انہیں میرے پیٹھ پر لاد دو۔
چوکی دار نے عرض کیا: آپ چاہتے کیا ہیں۔
حضرتِ عمرؓ نے فرمایا: میرے پیٹھ پر لاد دو۔
چوکی دار نے عرض کیا: آپ یہ چیزیں اپنی پیٹھ پر نہ لادیں، اے امیر المومنینؓ!
چوکی دار نے کوشش کی کہ امیرالمومنینؓ کا تیار کردہ سامان وہ خود اپنی پیٹھ پر لاد لے لیکن امیر المومنینؓ نے سختی سے انکار کیا اور اس سے یوں مخاطب ہوئے: ''تیری ماں تجھے کھو دے! یہ سامان میرے پیٹھ پر لاد دو، کیا قیامت کے روز تم میرے گناہوں کا بوجھ اٹھاؤ گے؟''
یہ کہہ کر حضرت عمرؓ نے آٹا، گھی اور شہد اپنی پیٹھ پر لاد لیا۔
جب اس عورت کے گھر پہنچے تو آگ کے پاس بیٹھ گئے اور ان بچوں کے لیے کھانا پکایا۔ جب کھانا تیار ہوگیا تو اس میں گھی اور شہد کی آمیزش کی اور اپنے مبارک ہاتھوں سے بچوں کو کھانا کھلایا۔ اور ایک چٹان کے پیچھے آکر بیٹھے رہے اور ان بچوں کو دیکھتے رہے۔
حضرتِ عبدالرحمن بن عوفؓ نے حضرتِ عمرؓ سے کہا: آئیے واپس چلتے ہیں کیوں کہ رات بہت ٹھنڈی ہے۔ حضرتِ عمرؓ نے فرمایا: اﷲ کی قسم ! میں اپنی جگہ اس وقت تک نہیں چھوڑوں گا جب تک ان بچوں کو ہنستا ہوا نہ دیکھ لوں، جیسے میں نے آتے وقت انھیں روتے ہوئے دیکھا تھا۔
یہ تھے ہمارے حکم ران جو عوام کی جان و مال کے نگہہ بان تھے اور اپنی رعایا کا خیال رکھنے میں کتنے سنجیدہ اور خود کو کتنا ذمے دار سمجھتے تھے۔ اﷲ پاک ہمیں بھی ایسے ہی حکم ران عطا فرمائے۔ (آمین)