ایک بلوچ حکومتی رکن کا سیکریٹری بننے سے انکار دوسرا راضی

شفقت بلوچ کا وزیر سے کم عہدہ لینے سے انکار،رجب بلوچ کو وزیرداخلہ نے رضامند کرلیا


فیاض ولانہ December 12, 2013
شفقت بلوچ کا وزیر سے کم عہدہ لینے سے انکار،رجب بلوچ کو وزیرداخلہ نے رضامند کرلیا. فوٹو: فائل

وزیر بننے کے خواہشمند 2 بلوچ حکومتی ارکان اسمبلی میں سے ایک بلوچ کو چوہدری نثارعلی خان پارلیمانی سیکریٹری بننے پر رضامند کرنے میں کامیاب ہوگئے،جبکہ دوسرے بلوچ رکن قومی اسمبلی نے وزیر سے کم کوئی بھی عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 6 ماہ سے کابینہ میں متوقع توسیع کے منتظر اوروزیر بننے کے خواہشمند اراکین نے بارہا وزیراعظم سے ملاقات کرکے اپنی خواہش کے اظہار کی کوشش کی مگر وزیراعظم آفس کی جانب سے انہیں حوصلہ افزا جواب موصول نہ ہوا، وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے پارلیمانی سیکریٹریوں کیلیے فائنل کیے گئے ناموں سے رابطہ کرکے جب وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے انھیں حکومتی فیصلے سے آگاہ کیا تو پارٹی سے وفاقی وزیر یا کم از کم وزیر مملکت کی آس لگائے بیٹھے اکثراراکین نے پارلیمانی سیکریٹری بننے کے فیصلے کو بادل نخواستہ قبول کیا اور بعض نے حکومت کے اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرنے سے بھی گریز نہ کیا،سب سے قابل ذکر ناراضی کا اظہار سرگودھا کے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے مسلم لیگ(ن)کے شفقت حیات بلوچ نے کیا۔



وزیر مملکت شیخ آفتاب کو جب صورت حال کی سنگینی کا احساس ہواتو انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثارسے مدد طلب کی۔چوہدری نثارنے رابطہ کرکے شفقت حیات بلوچ کو حکومتی مجبوریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ میں توسیع اس وقت ممکن نہیںآپ فی الوقت پارلیمانی سیکرٹری کا عہدہ قبول کرلیں جب بھی کابینہ میں توسیع کی گئی میں خود وزیراعظم سے آپ کو کابینہ کا حصہ بنانے کیلئے بات کرونگا مگر شفقت حیات بلوچ نے انکی ایک نہ سنی اور پارلیمانی سیکرٹری بننے سے انکار کر دیاجبکہ فیصل آباد سے رکن اسمبلی رجب علی بلوچ کو وزیرداخلہ چوہدری نثار پارلیمانی سیکرٹری برائے فوڈ سیکورٹی بننے پر اس وعدے پر بننے پر رضامند کرنے میں کامیاب ہوگئے کہ جونہی وفاقی کابینہ میں توسیع کی گئی ،انہیں وفاقی کابینہ کا حصہ بنادیاجائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں