نواز شریف اپنی مدت پوری کرینگے بھارتی ماہر علم نجوم بیجن دارو والا

بیجن دارو والا کا شمار دنیا کے ممتاز ماہرین علم نجوم میں ہوتا ہے اور ان کی متعدد پیش گوئیاں صحیح ثابت ہوچکی ہیں۔


سید بابر علی December 13, 2013
بیجن دارو والا کا شمار دنیا کے ممتاز ماہرین علم نجوم میں ہوتا ہے اور ان کی متعدد پیش گوئیاں صحیح ثابت ہوچکی ہیں۔ فوٹو : فائل

عالمی شہرت یافتہ بھارتی نژاد ماہر علمِ نجوم بیجن دارو والا نے پیش گوئی کی ہے کہ نواز شریف کی جنم کنڈلی بہت اچھی ہے، وہ پورے 5 سال حکومت کرینگے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں آمریت کے امکانات دور تک نہیں ہیں۔ ''ایکسپریس'' کو دیے گئے خصوصی انٹرویومیں انھوں نے بتایا کہ نواز شریف اور اٹل بہاری واجپائی کی تاریخ پیدائش ایک ہی ہے اور 2014میں پاک بھارت دوستی کا بیج بویا جائیگا جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہوجائینگے۔

اگلے 5سالوں میں انڈیا میں کانگریس کا زمانہ ختم ہو جائیگا ۔ آنے والا زمانہ بھارت میں پی جے پی اور پاکستان میں نواز شریف کا ہے۔ بیجن دارو والا نے یہ پیش گوئی بھی کی کہ پاکستان اوراسرائیل دونوں ہی بہت طاقت ور ہیں لیکن ہمیں لگتا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی بہت بڑی غلط فہمی ہے جو دونوں کو دوستی سے روکتی ہے لیکن دونوں ممالک کے درمیان 3سال کے اندر دوستانہ تعلقات قایم ہوجائیں گے۔ مسئلہ کشمیر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ امن کا دور آ رہا ہے اور جلد ہی یہ دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2014 میں امریکا اور ایران کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ مشرق وسطیٰ کے حالات میں بھی بہتری کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ بیجن دارو والا نے کہا کہ معاشی لحاظ سے چین بھارت سے زیادہ طاقت ور ہے اور جلد ہی یہ ملک سپر پاور کی حیثیت سے سامنے آئے گا۔

جرمنی کی سربراہ اینجیلا مرکل دنیا بھر میں ایسا معاشی نظام لائے گی جس سے منہگائی اور غربت میں واضح کمی ہوگی۔ دنیا بھر میں آنے والی قدرتی آفات اور دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ2014 سے اس میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، ٹیکنالوجی کی بدولت سائنس داںایسی ڈھال ایجاد کرلیں گے جو حملہ کرنے والے شخص کو ہی نقصان پہنائے گی۔

یاد رہے کہ بیجن دارو والا کا شمار دنیا کے ممتاز ماہرین علم نجوم میں ہوتا ہے اور ان کی متعدد پیش گوئیاں صحیح ثابت ہوچکی ہیں۔ ان کی ایران کے اعتدال پسند رہنما حسن روحانی کے برسر اقتدار آنے، سنجیو گاندھی کی موت، گجرات میں آنے والے زلزلے، کارگل جنگ اور امریکی انتخابات میں بارک اوباما کی کامیابی کی پیش گوئیاں بھی درست ثابت ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے جنوری، اپریل اور اکتوبر دنیا کے لیے تھوڑے کٹھن ہوں گے۔ ان مہینوں میں کوئی حادثہ ہوسکتا ہے، زلزلہ آسکتا ہے یا کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں