نیو اسلام آباد ائیرپورٹ ناقص تعمیر کے باعث بارش سے سیلنگ گرنے کی ویڈیو وائرل

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لے لیا


ویب ڈیسک August 16, 2020
وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لے لیا

ISLAMABAD: 105 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے آپریشنل ہونے کے دو سال بعد بھی مسائل ختم نہ ہوسکے۔

نیو اسلام آباد انڑنیشنل ائیرپورٹ تقریبا دو سال قبل آپریشنل کیا گیا لیکن عجلت میں تعمیر اور آپریشنل کیے جانے کے بعد سے ائیرپورٹ پر آئے روز نت نئے مسائل سامنے آتے رہتے ہیں، دو روز قبل ہونے والی بارش کے دوران نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ کی حالت زار کی ویڈیو فوٹیج ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی۔

ویڈیو فوٹیج میں بارش کے دوران ائیرپورٹ کے ڈومیسٹک و انٹرنیشنل وسی آئی پی لاونجز سمیت کنکورس ہال کی چھت سے پانی کو برستے دیکھا جاسکتا ہے، مسلسل لیک ہوتے پانی کے باعث چھت سے فال سیلنگ بھی گرتی ہوئی دیکھی جاسکتی ہے، ائیرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاونج اور کنکورس ہال میں پانی جمع ہونے کے باعث عملے کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ہنگامی طور پر مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ ایوی ایشن ڈویثرن کے ترجمان عبدالستار کھوکھر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بارش سے ہونے والے نقصان کا نوٹس لے لیا ہے، 90 منٹ سے بھی کم وقت میں 56 ملی میٹر بارش ہوئی، موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ طوفانی ہوائیں صبح 4 بجے تک جاری رہیں جس کے نتیجے میں چھت کو نقصان پہنچا۔

ترجمان نے کہا کہ ڈی جی سی اے اے نے جامع رپورٹ کے ساتھ ساتھ تین دن کے اندر مستقل حل کی ہدایت جاری کردی ہے، ائیر پورٹ مینیجر اور دیکھ بھال کرنے والے دیگر عملے کے مطابق پانی کی لیکج تیز بارش کی وجہ سے ہوئی، جس سے مسافر ٹرمینل بلڈنگ کی چھت کو نقصان پہنچا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق متعدد حل زیر غور ہیں ، جن میں بارش کے پانی کو ایک سے زائد نالوں میں بہانے کے لئے مزید پانی کے پائپوں کو شامل کرنا یا چھت کے اوپر نکاسی آب کے پورے ڈیزائن کو تبدیل کرنا شامل ہے، ڈی جی سی اے اے نے ہدایت جاری کی ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ایئرپورٹ منیجر اس حوالے سے ایک مشترکہ رپورٹ پیش کریں اور آئندہ بھی اس کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔

ادھر وفاقی وزیر ہوا بازی نے صورتحال کا سخت نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی ، جناب غلام سرور خان 17 اگست ، 2020 کو ایوی ایشن ڈویژن اور پی سی اے اے کے اعلی افسران کے ہمراہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کریں گے۔

content.jwplatform.com

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں