ٹماٹرآلووپیازکی قیمتوں میں کمی کارجحان تیسرے ہفتے بھی جاری

12 دسمبرکوختم ہفتے میں انڈے، چینی،گڑ، چائے کی پتی سمیت 13اشیا کے دام گرے


Business Desk December 15, 2013
اب بھی آلو کی اوسط قیمت نسبتاً بلند سطح 41 روپے فی کلوگرام پر ہے۔ فوٹو : آن لائن / فائل

AMMAN: ملک میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.82 فیصد کمی اور سالانہ بنیادوں پر 12.55 فیصد اضافہ ہوا۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 12 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتوں میں کمی کارجحان برقرار رہا اور یہی وجہ افراط زر کی ہفتہ وار شرح میں کمی کی بنی۔ یاد رہے کہ مسلسل 3 ہفتوں سے ان 3 روز مرہ استعمال کی سبزیوں کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے تاہم اب بھی آلو کی اوسط قیمت نسبتاً بلند سطح 41 روپے فی کلوگرام پر ہے، عام طور پر آلو کی خرید وفروخت 20 روپے فی کلوگرام تک ہوتی تھی، اس سے پہلے ٹماٹر کی قیمت پہلی بار 200، آلو و پیاز کی 100 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے ٹماٹر، آلو اور پیاز سمیت مجموعی طور پر 13 اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی جن میں انڈے، چینی، گڑ، چائے کی پتی، ایل پی جی، زندہ مرغی، کیلے، آٹا، دال ماش اور دال مسوربھی شامل ہیں۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہوا، ان میں جلانے کی لکڑی، گائے کے گوشت کی پکی پلیٹ، دال مونگ، سرسوں کا تیل، بریڈ، اری6چاول، تیار چائے، دال چنا، گندم، لہسن، دال کی پکی پلیٹ، بکرے کا گوشت، سرخ مرچ پسی ہوئی، تازہ دودھ، گھی کھلا اور دہی شامل ہیں، اس کے علاوہ 24 اشیا کے نرخ برقرار رہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ ریلیف کم آمدن طبقے کو 1 فیصد ملا جبکہ سب سے کم ریلیف 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کو 0.71 فیصد ملا جبکہ 12ہزار روپے ماہانہ آمدنی والوں کے لیے قیمتیں 0.95 فیصد، 18ہزار روپے کمانے والوں کے لیے 0.91 فیصد اور 35ہزار تک ماہانہ کمانے والوں کے لیے قیمتوں میں 0.85 فیصد کمی ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں