پال واکر تیز رفتاری سے دنیا کو حیران کر دینے والا موت کی رفتار کے سامنے ہار گیا

پال واکر 1973ء کو فیشن ماڈل چیرل اور معروف باکسر پاؤل ولیم واکر تھری کے ہاں امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیدا ہوئے


Basheer Wasiq December 15, 2013
فوٹو : فائل

ہالی وڈ ہیرو پال واکر نے جب فلم ''فاسٹ اینڈ فیوریس '' سائن کی تو ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس فلم کی بدولت دنیا بھر کے فلم شائقین انھیں جاننے لگیں گے، گو اس سے قبل وہ بہت سی فلموں اور ٹی وی سیریلز میں کام کر چکے تھے اور شوبز کی دنیا والے اس کے ٹیلنٹ سے واقف ہو چکے تھے مگر پورے عالم میں ان کے نام کا ڈنکا اسی فلم نے بجایا۔

جب انھوں نے تیز رفتاری سے کار چلانے کے وہ جوہر دکھائے کہ سبھی دنگ رہ گئے۔ اس فلم میں ان کے مد مقابل مشہور ہالی وڈ ایکشن ہیرو ون ڈیزل تھے یوں دو تیز رفتار ہیروز کا ساتھ ہوا تو فاسٹ اینڈ فیوریس جیسا شاہکار تیا رہوا جسے دنیا بھر کے فلم شائقین نے پسند کیا۔

پال ولیم واکر 12ستمبر 1973ء کو ایک فیشن ماڈل چیرل اور معروف باکسر پاؤل ولیم واکر تھری کے ہاں امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر گلینڈیل میں پیدا ہوئے۔ واکر کے والد اپنے دور کے بڑے کامیاب باکسر تھے ، وہ دو مرتبہ گولڈن گلوز چیمپیئن بنے۔ ہالی وڈ ہیرو واکر نسلی اعتبار سے آئرش، انگلش اور جرمن تھے کیونکہ ان کے والدین اور رشتہ داروں کا تعلق انھی علاقوں سے ہے۔

واکر کے آباؤ اجداد میں ان کے والد کے علاوہ بھی ایک معروف باکسر آئرش بل واکر گزرے ہیں ۔ اسی طرح ان کے ایک بزرگ 1960ء کی دہائی میں فورڈ کاریں بنانے والی فیکٹری کے اہم عہدیداروں میں شامل تھے۔ واکر پانچ بہن بھائیوں میں سے سب سے بڑے تھے، وہ لاس اینجلس کی ایک آبادی سن لینڈ کمیونٹی میں پلے بڑھے۔ انھوں نے سان فرنانڈو ویلی میں ویلج کرسچین سکول سے تعلیم حاصل کی ۔ اس کے بعد انھوں نے جنوبی کیلی فورنیا کے کئی کالجز سے استفادہ کیا ، ان کا پسندیدہ مضمون میرین بیالوجی تھا اس لئے انھوں نے اسی مضمون میں تخصص کیا۔

واکر کی والدہ چونکہ فیشن ماڈل تھیں اس لئے شوبز کی دنیا سے ان کا تعلق بچپن میں ہی قائم ہو گیا ، دوسری طرف والد بھی چونکہ سپورٹس کے حوالے سے کافی نامور تھے اس لئے انھیں آگے بڑھنے میں آسانی رہی۔ انھوں نے سب سے پہلے ایک کمرشل میں کام کیا جو بچوں سے متعلقہ تھا، اس کے بعد انھیں ایسے دیگر مواقع بھی میسر آئے اس کی وجہ ان کا اپنی والدہ کے ساتھ شوبز کی دنیا میں آنا جانا تھا۔ تاہم انھوں نے اپنی تعلیم کی طرف بھی بھرپور توجہ رکھی ۔ پہلی مرتبہ انھیں 1985ء میں ٹی وی سیریل میں کام کرنے کا موقع ملا ، اس کے بعد یہ سلسلہ چل نکلا اور انھوں نے ٹی وی کی مشہور سیریلز ہائی وے ٹو ہیون، ہو از دی باس، دی ینگ اینڈ ریسٹ لس اور ٹچڈ بائی این اینجل میں مختلف کردار ادا کئے۔ 1985ء میں ہی انھیں ایک معروف کمپنی کے اشتہار شوبز پزا کے لئے بھی کام کرنے کا موقع ملا یعنی صرف بارہ سال کی عمر میں وہ چائلڈ اسٹار کے طور پر اپنی پہچان بنا چکے تھے۔

واکر کا فلمی کیریئر 1986ء میں مزاحیہ ڈراؤنی فلم مونسٹر ان دی کلوسٹ سے شروع ہوا۔ اس میں انھوں نے بینٹ کا کردار ادا کیا۔ پھر واکر اور اس کی بہن ایشلے نے ایک ٹی وی گیم شو آئی ایم ٹیلنگ میں حصہ لیا جس میں انھوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔1993ء میں ایک ڈرامے دی ینگ اینڈ دی ریسٹ لس میں کام کیا، اسی ڈرامے میں کامیاب اداکاری کرنے پر واکر اور ان کی ساتھی اداکار ہیتھر ٹام کو یوتھ فلم ایوارد کے لئے آوٹ سٹینڈنگ لیڈ ایکٹر کی کیٹیگری کے لئے نامزد کیا گیا۔

1998ء میںواکر نے مزاحیہ فلم میٹ دی ڈیڈلس میں کام کیا جو بہت پسند کیا گیا اور ان کے لئے مزید فلموں میں کام کرنے کا راستہ کھل گیا اور انھوں نے 1998 ء میں ہی پلے زینٹ وائل میں کام کیا ، 1999میں وراسٹی بلیوز،1999ء میں شی از دی آل دیٹ اور 2000ء میں دی سکلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

2001ء سے پال واکر کے لئے کامیابیوں کا نیا دور شروع ہوا جب انھیں فاسٹ اینڈ فیوریس مین کام کرنے کا موقع ملا ۔ اس کے بعد اس کا دوسرا حصہ ٹو فاسٹ ٹو فیوریس ریلیز ہوا، اس نے بھی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دیئے۔ اسی دوران ان کی ایک فلم جائے رائڈ بھی ریلیز ہوئی۔ 2003ء میں ٹائم لائن اور 2005ء میں ان ٹو دی بلیوز میں لیڈنگ کردار ادا کئے ، یہ فلمیں بھی کافی پسند کی گئیں۔

پھر 2006ء میں فلیگز آف آور فادرز میں سپورٹنگ رول ادا کیا۔ اس کے بعد واکر 2006ء میں ریلیز ہونے والی کرائم تھرلر فلم رننگ سکیئرڈ اور والٹ ڈزنی کی فلم ایٹ بلو میں جلوہ گر ہوئے ۔ ایٹ بلو کافی پسند کی گئی اور اس نے پہلے ہفتے بیس ملین ڈالرز کا بزنس کیا ۔ فلم ڈائریکٹر وین کا کہنا ہے کہ رننگ سکیئرڈ کی پروڈکشن کے دوران اس نے دیکھا کہ واکر اپنے کردار کے لئے بھرپور کوشش کرتا تھا حتیٰ کہ جیسے اسے بتایا جاتا تھا وہ اس سے بھی بہتر کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا تھا ، وہ اپنے کام سے بہت محبت کرتا تھا۔

2008ء میں ان کی ڈی وی ڈی فلم دی لیزارس پروجیکٹ ریلیز ہوئی ۔ اس کے بعد فاسٹ اینڈ فیوریس کے تیسرے حصے کی پروڈکشن میں مصروف ہوگئے جو 2009 ء میں ریلیز ہوئی۔ پھر جرم و سزا پر مبنی فلم ٹیکر ریلیز ہوئی جو کافی پسند کی گئی، اس کے بعد فاسٹ اینڈ فیوریس کے دو مزید حصے ریلیز ہوئے جنھوں نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کئے ۔ انھوں نے آورز اور برک مینشن میں بھی کام کیا جو ابھی ریلیز نہیں کی گئیں۔

واکر اب سانتا بار برا میں رہائش پذیر تھے۔ ان کی ایک گرل فرینڈ ریبیکا ہے جس سے ان کی ایک بیٹی ہے جو تیرہ سال تک اپنی ماں کے پاس ہوائی میں رہائش پذیر رہی ، پھر 2011ء میں کیلی فورنیا میں اپنے والد واکر کے پاس چلی آئی ۔ واکر کی کوشش ہوتی تھی کہ اس کی بیٹی فلموں کی شوٹنگز کے دوران اس کے ساتھ رہے ۔

فلموں کے ساتھ ساتھ واکر کا اصل شوق میرین بیالوجی تھا ۔ اسی لئے وہ 2006ء میں دی بل فش فاؤنڈیشن کا حصہ بن گئے۔ اسی طرح انھوں نے اپنے شوق کو پورا کرنے کے لئے نیشنل جیوگرافک چینل کی ایک سیریز ایکسپیڈ یشن گریٹ وائٹ میں اداکاری کی جو بعد میں نئے ٹائٹل شارک مین کے نام سے 2010ء میں ریلیز ہوئی ۔ وہ میکسیکو کے ساحل پر گیارہ دن تک ایک ٹیم کا حصہ بنے رہے جنھوں نے گیارہ بڑی سفید شارک پکڑیں اور ان پر تحقیق کے لئے ٹیگ لگائے ، اس تحقیق کا مقصد شارک کی سمندر کے مختلف حصوں کی طرف ہجرت اور افزائش نسل کا جائزہ لینا تھا، اس تحقیق کا دورانیہ پانچ سال تھا اور اس میں سیٹلائٹ نیٹ ورک کو استعمال کیا گیا ۔

پال واکر جہاں فلموں اور میرین بیالوجی کا شوق رکھتے تھے وہیں انھیں فلاحی کاموں سے بھی بہت دلچسپی تھی اور یہی ایک اچھے انسان کی خوبی ہے ۔ مارچ 2010ء میں جب چلی میں 8.8 شدت کا زلزلہ آیا اور کافی تباہی ہوئی تو واکر متاثرین کی مدد کے لئے وہاں پہنچ گئے اور جہاں تک ان سے ممکن ہو سکا انھوں نے مدد کی ۔ اسی طرح ہیٹی میں زلزلے سے متاثر ہونے والوں کی مدد کے لئے بنائی گئی ایک تنظیم ریچ آوٹ ورلڈ وائڈ کے ساتھ وہاں پہنچے۔ اس کے علاوہ کیلی فورنیا میں کام کرنے والی فلاحی تنظیموں سے بھی تعاون کرتے رہتے تھے۔

جیسا کہ وہ فاسٹ اینڈ فیوریس میں بطور کار ریس ہیرو کے مشہور ہوئے مگر یہ حقیقت ہے کہ وہ صرف فلم کے ہیرو ہی نہیں تھے بلکہ کار ریس کا بہت شوق رکھتے تھے اسی لئے انھوں نے ریڈ لائن کار ریسنگ سیریز میں حصہ لیا اور اے ای پرفارمنگ ٹیم کے ساتھ تھے۔ ان کی کار کو ریچ آوٹ ورلڈ وائڈ ، انٹیز، بریمبو بریکز، واک، او ایس گیکن اور ہین کاک نے سپانسر کیا۔

30نومبر2013ء کو ان کی سرخ سپورٹس کار کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب وہ راجر روڈز کے ساتھ ریچ آوٹ ورلڈ وائڈ کے چیرٹی شو میں شرکت کے بعد واپسی کے لئے روانہ ہو ئے۔ حادثے کے وقت راجر گاڑی چلا رہے تھے جبکہ واکر ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ سرخ سپورٹس کار نے بجلی کے پول سے ٹکراتے ہی آگ پکڑ لی جس سے دونوں کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ تاہم پولیس ابھی تک اس تحقیق میں لگی ہوئی ہے کہ کیا حادثہ سڑک پر کار ریس لگانے کی وجہ سے پیش آیا اور اگر ایسا ہے تو دوسری کار کہاں گئی ۔

تاہم میڈیکل رپورٹ سے اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ دونوں کی موت حادثے میں چوٹیں لگنے کی وجہ سے ہوئی ۔ راجر روڈز اور واکر کی دوستی کی ابتدا ریس میٹنگ میں ہوئی تھی اس کے بعد راجر ، واکر کے فنانشیل ایڈوائزر بن گئے اور اس کے تمام بزنس معاملات کو دیکھنے لگے۔ شوبز کی دنیا کے سپر سٹارز اور واکر کے دوستوں نے پال واکر کی موت کو شوبز کی دنیا کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ اسی طرح یونیورسل پکچرز کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پال واکر سٹوڈیو کے سب سے محبوب اور معزز افراد میں شمار ہوتا تھے ۔ یہ ادارے کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

ایوارڈز اور نامزدگیاں
1993ء میں آوٹ سٹینڈنگ لیڈ ایکٹر کیٹیگری میں دی یوتھ ان فلم ایوارڈز کے لئے نامزد کئے گئے۔
2000ء میں ایکسائٹنگ نیو فیس کیٹیگری میں ینگ ہالی وڈ ایوارڈ کے لئے نامزد کئے گئے۔
2001ء میں بریک تھرو میل پرفارمنس کیٹیگری میں ہالی وڈ بریک تھرو ایوارڈ جیتا۔
2001ء میں نیو سٹائل میکر کیٹیگری میں ینگ ہالی وڈ ایوارڈ جیتا۔
2002ء میں بیسٹ آن سکرین ٹیم کیٹیگری میں ایم ٹی وی مووی ایوارڈ جیتا۔
2003ء میں چوائس مووی کیمسٹری کیٹیگری میں ٹین چوائس ایوارڈ جیتا۔
2009ء اور 2011ء میں ٹین چوائس ایوارڈ کیلئے نامزد کئے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں