دھابے جی میں مرکزی لائن پھٹ گئی کراچی کو پانی کی فراہمی معطل

پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، 20 پمپ بند،پائپ لائن نمبر5ایک ہفتے کے دوران تیسری بار پھٹ گئی


Nama Nigar August 30, 2020
پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، 20 پمپ بند،پائپ لائن نمبر5ایک ہفتے کے دوران تیسری بار پھٹ گئی۔ فوٹو: فائل

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ایک بار پھر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہو گیا اور 20پمپ بند ہونے سے کراچی کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوگئی۔

واٹربورڈ کے دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر ہفتہ کی صبح ساڑھے8 بجے کے الیکٹرک کی جانب سے اچانک بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث 20پمپ بند ہو گئے جس سے کراچی کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوگئی جو 2گھنٹوں بعد بجلی آنے پر بحال ہوئی۔

بریک ڈاؤن کے دوران پانی کے بیک پریشر سے کراچی کو یومیہ 100 ملین گیلن پانی فراہم کرنے والی72 انچ قطر کی پائپ لائن نمبر5 ایک ہفتے کے دوران تیسری بار پھٹ گئی جس کے نتیجے میں لاکھوں گیلن پانی ضائع ہونے سے آس پاس کا وسیع علاقہ زیرآب آگیا۔اطلاع ملنے پر واٹربورڈ کے عملے نے پہنچ کر متاثرہ لائن کا والو بند کرکے مرمتی کام شروع کردیا۔

واٹربورڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن معمول بن گیا ہے۔بجلی کی اچانک بندش سے پمپنگ اسٹیشن پر دیگر تنصیبات متاثر ہونے کے ساتھ پانی کے بیک پریشر سے مرکزی لائن پھٹ جاتی ہے جس کے باعث نہ صرف کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے بلکہ لائن کی مرمت پر ادارے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

واٹربورڈ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ لائن کی مرمت کاکام آج رات تک مکمل کرلیا جائے گا۔پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش کے باعث دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی میں کروڑوں گیلن کمی کا سامنا رہا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں