کامیاب بننے کےلیے یہ پانچ کام ہرگز نہ کیجیے

کامیاب افراد کبھی بھی بہت زیادہ جذباتی ہوکر نہیں سوچتے، دوست احباب سے توقعات وابستہ نہیں کرتے


راضیہ سید September 10, 2020
کامیاب لوگ کبھی نہ تو ماضی میں جیتے ہیں نہ ہی مستقبل میں رہتے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

موجودہ دور، اس کی مشکلات اور پھر کامیابی کا تصور یقیناً ایک تھکا دینے والی سرگرمی ہے، لیکن ان سب کی باوجود کامیاب کون نہیں ہونا چاہتا؟ تاہم ہم میں سے بہت سے لوگ زندگی کے سفر میں مسلسل کام کرتے ہوئے بھی کبھی کامیاب نہیں ہوپاتے۔ جس کی بنیادی وجہ تو یہ ہوتی ہے کہ ہم دو طرح کی انتہاؤں کے بیچ معلق رہتے ہیں۔ یعنی یا تو ہم اپنی خوشی کےلیے اتنے خودغرض ہوجاتے ہیں کہ دوسروں کے خوابوں کو پیروں تلے روند دیتے ہیں اور کبھی اتنے دریا دل ہوجاتے ہیں کہ دوسروں کی خوشی ہی ہمارے لیے اولیت اختیار کرلیتی ہے اور اس سفر میں ہم خود کو کھو دیتے ہیں۔

دوسروں کو خوش رکھنے یا کرنے کا فارمولا کبھی بھی آپ کو کامیاب انسان نہیں بناسکتا۔ کیونکہ انسان کبھی خوش نہیں رہ سکتا۔ کبھی آپ ایک کو خوش رکھیں گے کبھی دوسرے کو، تو لوگوں کی توقعات بڑھتی جائیں گی، جن کے پورا نہ ہونے پر آپ کو برا بھلا کہا جاسکتا ہے اور ان افراد کے ساتھ آپ کے تعلقات حد درجہ خراب ہوسکتے ہیں جو کبھی صرف آپ کے گن ہی گاتے تھے۔

لہٰذا دوسروں کے ساتھ رویہ ضرور اچھا رکھیے لیکن خوش ہمیشہ اس کو رکھیں جس کو آپ خوش رکھ سکتے ہیں اور وہ شخص ہے جسے آپ روزانہ آئینے میں دیکھتے ہیں، یعنی کہ آپ خود۔ اب اگر ہم صرف اسی پر بات کریں کہ کامیاب لوگ ایسی کون سی پانچ باتوں سے اجتناب کرتے ہیں۔ تو یہ باتیں کہنے میں تو بہت آسان ہیں لیکن عملی طور پر ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہیں۔

بہرحال ہم روزمرہ زندگی میں ایسے کئی کامیاب افراد کو دیکھتے ہیں جن کے جیسا بننا ہماری خواہش بننے لگتی ہے اور اگر آپ کی بھی ایسی تمنا ہے تو آپ کو چاہیے کہ یہ پانچ عادات اگر آُپ میں ہیں تو انھیں فی الفور ترک کردیں۔

اگر آپ نے کسی بھی رشتے دار، دوست یا عزیز و اقارب کا ٹھیکہ یا ذمہ لیا ہوا ہے تو اس سے فوراً باز آجائیے۔ یعنی آپ کسی کو کہیں کہ یہ کام کیوں نہیں کیا؟ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ لاؤ تمھارے حصے کا کام میں ہی ہمیشہ کردوں۔ تو یہ اگلے شخص کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں۔ اس لیے کہ موقع پرست لوگ آپ سے کام بھی نکلوا لیں گے اور آپ کے احسان مند بھی نہ ہوں گے۔ اسی طرح جو آپ کی ہمدردی کے حق دار ہوں گے وہ ہر مشکل کے حل کےلیے آپ کی طرف دیکھیں گے جو آپ کو بھی الجھن میں مبتلا کردے گا اور پھر آپ بھی کوفت کا شکار ہوکر افسردہ ہوجائیں گے۔

کامیاب افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اول تو ہوں گے نہیں اور اگر ہوں گے تو تعطیلات کے دنوں میں وہ موبائل فونز اور سوشل میڈیا پر کبھی جواب دیتے دکھائی نہیں دیں گے۔ اس لیے کہ وہ خود کو کام میں غرق نہیں کرتے بلکہ یہ جانتے ہیں کہ ان کے خاندان کی اہمیت کیا ہے اور وہ ہر رشتے میں توازن رکھنا جانتے ہیں۔

رشتے میں توازن والی بات سے یاد آیا کہ کامیاب افراد کبھی بھی بہت زیادہ جذباتی ہوکر نہیں سوچتے، دوست احباب سے توقعات وابستہ نہیں کرتے، بلکہ کسی نے کوئی مدد کردی تو ٹھیک ورنہ کوئی بات نہیں۔ وہ رشتوں کو باندھ کر نہیں بلکہ جوڑ کر رکھتے ہیں اور ان دونوں میں بہت فرق ہے۔ کوئی بھی تعلق ہو وہ لوگوں کو ایک گنجائش دیتے ہیں کہ کوئی ان سے تعلق رکھے یا انھیں چھوڑ دے۔ معمولی معمولی باتوں پر جھگڑتے نہیں اور ہاں سارا دن یہ کبھی نہیں سوچتے کہ فلاں مجھے کیا کہہ گیا اور کیوں کہہ گیا۔ بلکہ یہ سوچتے ہیں کہ فلاں کی سوچ ہی ایسی تھی جس کا ذمہ انھوں نے نہیں لیا ہوا۔

انسانی زندگی بہت پیچیدہ ہے اور اس کی سوچ لمحہ بہ لمحہ تغیر کی طرف مائل۔ ایسی صورت میں ہمیں بہت سے کردار ادا کرنے ہیں، بیوی، شوہر، ماں، اولاد، جاب ورکر یا مالکان۔ یہ کردار تو لازمی ہیں لیکن اگر ان کرداروں کو آپ بہروپ بنالیں تب مشکل ہوجائے گی۔ یعنی اگر آپ اپنے مطلب کےلیے بناوٹ اختیار کرلیں اور خود کو ویسا ظاہر کریں جیسا کہ دوسرے چاہتے ہیں تو آپ اپنی شخصیت کو مسخ کردیں گے اور یہ کوئی کامیابی کی بات نہیں۔

اب رہ گئی سب سے آخری اور اہم بات۔ کامیاب لوگ کبھی نہ تو ماضی میں جیتے ہیں نہ ہی مستقبل میں رہتے ہیں۔ کیونکہ وہ یہ جانتے ہیں کہ ان دونوں زمانوں پر ان کا کوئی اختیار نہیں۔ سو اگر آپ بھی کامیابی کی منازل طے کرنا چاہتے ہیں تو آج سے ہی کیوں نہیں؟

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں