کراچی میں 3 روزہ گرمی کی جزوی لہر چلنے کا امکان

گرمی کی لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 38 ڈگری کو چھوسکتا ہے، محکمہ موسمیات


آفتاب خان September 19, 2020
گرمی کی لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 38 ڈگری کو چھوسکتا ہے، محکمہ موسمیات . فوٹو : فائل

شہر قائد میں 3 روزہ گرمی کی جزوی لہر چلنے کا امکان ہے، سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں جزوی یا مکمل طور پر متاثر ہوسکتی ہیں اور گرمی کی لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 38 ڈگری کو چھوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق پیر 21 ستمبر سے 24 ستمبر کے درمیان شہر میں گرمی کی جزوی لہر چل سکتی ہے جس کے دوران پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں داخل ہونے والی ویک سرکولیشن گرمی کا سبب بنے گا اورسمندری ہوائیں جزوی اور مکمل متاثر ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے، ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے اصل درجہ حرارت سے زائد گرمی محسوس کی جاسکتی ہے جب کہ گرمی کی لہر کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب غیر سرکاری ویدر پلیٹ فارم کراچی ڈویلپر ویدر اپ ڈیٹ کی پیش گوئی کے مطابق کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ دیہی سندھ کے اضلاع میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھ، تھر پارکر، ننگر پارکر اوربدین بھی گرمی کی لپیٹ میں آسکتے ہیں، ان اضلاع میں موسم انتہائی گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے جب کہ گرم موسم کے دوران فیل لائیک 41 ڈگری تک محسوس کیا جاسکتا ہے۔

کراچی ڈویلپر ویدر اپ ڈیٹ کے مطابق معمول سے زیادہ گرمی کے امکان کے ساتھ کراچی کے مضافاتی علاقوں اور شہر سے دور کچھ مقامات نوری آباد اور بیلہ میں لوکل ڈیویلپمنٹ(نچلی سطح کے بادلوں) کے نتیجے میں ہلکی بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں