ماحول کے تحفظ کیلئے اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف پاکستان چیمپئن فار نیچر کمیونٹی میں شامل

چیمپئن فار نیچر کمیونٹی میں شمولیت پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے، معاون خصوصی وزیر اعظم


شبیر حسین September 26, 2020
چیمپئن فار نیچر کمیونٹی میں شمولیت پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے، معاون خصوصی وزیر اعظم ۔ فوٹو : فائل

ورلڈ اکنامک فارم نے فطرت اور ماحول کے تحفظ کے لئے اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کو چیمپئن فار نیچر کمیونٹی میں شامل کرلیا۔

ورلڈ اکنامک فورم نے پاکستان کو چیمپئن فار نیچر کمیونٹی میں شمولیت سے متعلق وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے موصول خط میں کہا گیا ہے کہ چیمپیئن فار نیچر ایسے لیڈران کی کمیونٹی ہے جو ماحول کے تحفظ، بحالی، فروغ اور پائیدار ترقی اور مثبت عالمی معیشت اور 2030ء تک دنیا کو آئندہ کسی بھی ماحولیاتی بگاڑ سے ہمیشہ کے لیے محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔

خط میں حکومت پاکستان کی جانب سے 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ، کورونا کے دوران گرین روزگار کے مواقع پر منصوبہ کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ منصوبے چیمپئن فار نیچرکمیونٹی کیلئے بڑی کامیابی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت کا ٹین بلین ٹری منصوبہ کی مانیٹرنگ کیلئے عالمی اداروں سے معاہدہ

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ چیمپئن فار نیچر کمیونٹی میں شمولیت پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے اور یہ ہماری ماحول دوست پالیسیوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اصل چمپیئن آف نیچر وزیر اعظم عمران خان ہیں ،یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے لیڈر فطرت کے حامی ہیں اور ماحول کے تحفظ اور آئندہ نسل کے محفوظ مستقبل میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

ملک کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے لیے ایک بہترین موقع ہے جب دنیا ہمارے عالمی شہرت یافتہ اقدامات جن میں، گرین اسٹیمولس، 10 بلین ٹری سونامی پروگرام اور پروٹیکٹیڈ ایریا اینیشی ایٹیو شامل ہیں، کو باریک بینی سے دیکھ رہی ہے اور ہمیں باقاعدہ پلیٹ فارم کے ذریعہ انہیں مزید بہتری کی جانب لے کر جانے میں بھی مدد ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں