بلوچستان نے اویس ضیاء کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت خیبرپختونخوا کو شکست دیدی

اویس ضیاء نے 49 گیندوں پر92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی


Zulfiqar Baig October 10, 2020

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ میں بلوچستان نے اوپنر اویس ضیاء کی عمدہ اورذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اویس ضیاء نے 49 گیندوں پر92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 4چھکے شامل تھے۔ میچ میں ایک لمحہ ایسا بھی تھا جب بلوچستان کی ابتدائی 4 وکٹیں محض 68 رنز پر گرچکی تھیں، اس موقع پر اوپنر اویس ضیا نے ا کبر الرحمن کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی۔اکبرالرحمن 24 رنز بناکر ناٹ آٹ رہے، شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بلوچستان نے 155 رنز کا ہدف 20 گیندیں قبل باآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے لیگ میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔



اس سے قبل بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو 27 رنز پر ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد خیبرپختونخوا کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی تو تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک کریز پر پہنچے۔ انہوں نے 44 گیندوں پر 74 رنزکی اننگز کھیلی۔

اس اننگز کی خاص بات شعیب ملک کے ٹی ٹونٹی کرکٹ فارمیٹ میں دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنا تھا۔ وہ پاکستان کے پہلے اور دنیا کے تیسرے بیٹسمین ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔



شعیب ملک نے فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کے ساتھ بالترتیب 38 اور 69 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر زمان 33 اور صاحبزادہ فرحان 12 رنز بناکر آٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ بلوچستان کے عاکف جاوید نے2 وکٹیں حاصل کیں۔



مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر اویس ضیا نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ نے انہیں میچ کے آخر تک کریز پر رکنے کی ہدایت کی تھی ، جس پرعمل کرنے کی کوشش کی۔ اویس ضیا نے مزید کہا کہ گزشتہ چند میچوں میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کے باوجود ٹیم منیجمنٹ اور کپتان نے بہت حوصلہ افزائی کی جس سے اعتماد میں اضافہ ہوا۔بائیں ہاتھ کے اوپنر نے کہا کہ بلاشبہ شاہین شاہ آفریدی بہترین بالر ہیں، ان کے خلاف رنز بنانا آسان نہیں تھا مگر انہوں نے مناسب حکمت عملی کے ساتھ بیٹنگ کی جس کا ثمر بلوچستان کی جیت کی صورت میں ملا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں