’’ایک جگہ 3 امیدوار‘‘ سیمی فائنل کیلیے رسہ کشی عروج پر پہنچ گئی

بلوچستان کا رسائی کیلیے انتظار طویل ہوگیا،ناردرن کی39رنز سے فتح نے سینٹرل پنجاب کو فی الحال اخراج کے صدمے سے بچالیا


قومی ٹی 20کپ: ناردرن کے حیدر علی کا بلوچستان سے میچ میں آف سائیڈ کی جانب شاٹ۔ فوٹو: فائل

''ایک جگہ3امیدوار''، قومی ٹی 20 کپ میں سیمی فائنل کیلیے رسہ کشی عروج پر پہنچ گئی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بلوچستان کیخلاف ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، علی عمران نے حیدر علی کے ہمراہ دفاعی چیمپئن کو 92 رنز کا آغاز فراہم کیا،اوپنر 22 گیندوں پر 4چوکوں اور 3چھکوں سے مزین41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سہیل اختر1 اور آصف علی 3رنز پر میدان بدر ہوگئے۔

حیدر علی نے 50 گیندوں پر 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے86 رنز بنائے، حماد اعظم 19 پر رن آؤٹ ہوئے، کپتان عماد وسیم ایک رن بنا سکے، شاداب خان 27 گیندوں پر 42 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، نارردن نے 6 وکٹ پر199 رنز اسکور کیے، عماد بٹ 2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں امام الحق 35 پر رن آؤٹ ہوگئے، اویس ضیا (34) کے بعد حارث سہیل (28) بھی چلتے بنے، بسم اللہ خان صفر، عبدالواحد 12، عماد بٹ 8، اکبر الرحمان 15 اور خرم شہزاد 4 رنز تک محدود رہے،کاشف بھٹی14 اور تاج ولی 6پر ناٹ آؤٹ رہے، بلوچستان کی ٹیم 8وکٹ پر 160رنز بنانے میں کامیاب رہی، شاداب خان اور محمد اسماعیل نے2،2وکٹیں لیں۔

دوسرے میچ میں سندھ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،سدرن پنجاب نے 3وکٹیں 8رنز کے سفر میں گنوا دیں،زین عباس3، حسین طلعت صفراور شان مسعود 4پر آؤٹ ہوئے،خوشدل شاہ اور صہیب مقصود نے 121کی شراکت سے ٹیم کو سہارا دیا، خوشدل شاہ نے 32 گیندوں پر 53رنز بنائے،اس میں 5چوکے اور 3چھکے شامل تھے،اگلے اوور میں صہیب مقصود67رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

انھوں نے41گیندوں پر 6چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے یہ اسکور بنایا، عامر یامین نے 24رنزکا حصہ ڈالا،ذیشان اشرف19اور زاہد محمود13پر ناٹ آؤٹ رہے،سدرن پنجاب نے 6وکٹ پر 191رنز بنائے،دانش عزیز نے3اور سہیل خان نے2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں شرجیل خان1، سعود شکیل 13اور اعظم خان 14رنز بناکر خرم منظور کا ساتھ چھوڑ گئے،سرفراز احمد(8)کے بعد خرم منظور(49)رن آؤٹ ہوگئے،حسان خان کھاتہ نہ کھول پائے، دانش عزیز اور انور علی 9،9، سہیل خان 10اور محمد طٰحہ 5رنز بنا سکے۔

سندھ کی ٹیم 16.4اوورز میں 121پر ڈھیر ہوگئی،محمد الیاس اور زاہد محمود نے3،3 وکٹیں لیں۔یاد رہے کہ ناردرن،خیبر پختونخوا اور سندھ کی ٹیمیں پہلے ہی فائنل فور میں شامل ہوچکی ہیں۔

گذشتہ روز بلوچستان کی شکست سے سینٹرل پنجاب کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رہیں، دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 8،8رن جبکہ ریٹ سینٹرل کا بہتر ہے، بلوچستان کا آخری میچ جمعے کو سدرن پنجاب سے ہے، فتح کی صورت میں سیمی فائنل میں جگہ مل جائے گی۔

ناکامی پر اس وقت 6پوائنٹس کی حامل سدرن پنجاب کی امیدیں بھی جاگ اٹھیں گی، تب تینوں ٹیموں کے 8،8پوائنٹس ہونے پر چوتھی ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ سے ہوگا، جمعے کو ہی دونوں نمایاں ٹیموں ناردرن اور خیبر پختونخوا کا میچ بھی ہونا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں