حکومت نے بیرون ملک سے گندم خرید کر30 لاکھ ٹن کے شارٹ فال کو پورا کرلیا

آئندہ چند روز میں گندم اور آٹا بحران میں نمایاں کمی آئے گی


رضوان آصف October 16, 2020
آئندہ چند روز میں گندم اور آٹا بحران میں نمایاں کمی آئے گی

حکومت اور نجی شعبہ نے ملک میں آٹا بحران پر قابو پانے کیلئے دو ماہ کی ریکارڈ مدت میں بیرون ملک سے 29 لاکھ ٹن گندم خریداری کر کے ملکی پیداوار میں 30 لاکھ ٹن کے شارٹ فال کو پورا کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز حکومت نے وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو روس سے مزید 3 لاکھ ٹن گندم 282.50 ڈالر فی ٹن قیمت پر خریدنے کی منظوری دے دی جب کہ وزارت 1 لاکھ 79 ہزار ٹن پہلے ہی خرید چکی ہے اس کے علاوہ ٹی سی پی نے بھی مجموعی طور پر 10 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کے ٹینڈر منظور کرلئے ہیں اور یوں سرکاری سطح پر 14 لاکھ 79 ہزار ٹن گندم خرید لی گئی جس میں سے 1 لاکھ 90 ہزار ٹن گندم کراچی پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب نجی شعبہ نے مجموعی طور پر 14 لاکھ 40 ہزار ٹن گندم خریدی ہے جس میں سے 5 لاکھ 20 ہزار ٹن کراچی پہنچ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق گندم کی ملکی پیداوار میں تقریبا 30 لاکھ ٹن کا شارٹ فال تھا جو 29 لاکھ 19 ہزار ٹن گندم امپورٹ سے پورا ہو گیا ہے اور آئندہ چند روز میں گندم اور آٹا بحران میں نمایاں کمی آئے گی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر نجی شعبہ مزید گندم امپورٹ کرنا چاہتا ہے تو انکم ٹیکس چھوٹ میں توسیع کیلئے سمری ای سی سی کو بھیجی جائے گی جب کہ آئندہ گندم فصل کی کم سے کم امدادی قیمت خرید مقرر کرنے کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال کردی ہے اور قوی امکان ہے کہ سپورٹ پرائس 1650 یا 1700 روپے فی من مقرر کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں