گندم سمیت ربیع فصلوں کیلیے 23 ارب کا پیکیج منظور

کھادوں پرسبسڈی کیلیے5.4 ارب مختص، ڈی اے پی پرسبسڈی 1000 روپے فی بوری ہوگی


Shahbaz Rana October 30, 2020
ربیع پیکیج کے تحت سبسڈی کی رقم کا 70 فیصد وفاق اور 30 فیصد صوبے برداشت کرینگے(فوٹو، فائل)

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے اپنے اجلاس میں گندم سمیت ربیع سیزن کی فصلوں کیلیے 23 ارب روپے سے زائد مالیت کے مجوزہ پیکیج کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت جمعرات کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے اپنے اجلاس میں گندم سمیت ربیع سیزن کی فصلوں کیلیے 23 ارب روپے سے زائد مالیت کے مجوزہ پیکیج کی منظوری دے دی۔ پیکیج میں 5.4 ارب روپے کھادوں پر سبسڈی دینے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی اے پی اور دیگر کھادوں پر ایک ہزار روپے فی بوری سبسڈی دی جائے گی۔ کاشتکاروں کو فراہم کی جانے والی سبسڈی کی رقم کا 70 فیصد وفاق اور 30 فیصد صوبے برداشت کریں گے۔ ویڈسائیڈ پر 250روپے فی ایکڑ جبکہ فنگی سائیڈ پر150روپے فی ایکڑ کی سبسڈی دی جائے گی۔

پیکیج کے تحت ربیع کی فصلوں کی پیداواری لاگت کم کی جائے گی۔ 5.4 ارب روپے مالیت کی یہ رقم 1.2 ٹریلین روپے کے وزیراعظم کے انسدادکورونا پیکیج میں سے خرچ کی جائے گی ۔ اس پیکیج میں سے 50 ارب روپے شعبہ زراعت کے لیے رکھے گئے ہیں۔

ڈی اے پی کھاد کی فی بوری کی قیمت اس وقت 4100 روپے ہے جس میں 25فیصد کمی آنے سے کاشت کاروں کو اہم ریلیف ملے گا۔ 5.4 ارب روپے میں سے 3.9 ارب پنجاب، 1.1 ارب سندھ، 19.4کروڑ خیبرپختونخوا اور 15کروڑ روپے بلوچستان کو ملیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں