گوروں کے دیس میں منہدی کی مقبولیت

برطانوی معاشرے میں منہدی کا رواج دیکھنے میں آرہا ہے،لیکن ایک اوررجحان ’’موبائل حنا آرٹسٹ‘‘ کی صورت میں سامنے آیا ہے


مریم کنول December 23, 2013
بڑھتی ہوئی پذیرائی کے باعث ’’موبائل حنا آرٹسٹ‘‘ بھی میدان میں۔ فوٹو: فائل

منہدی یا حنا صدیوں سے برصغیر کی خواتین کے بنائو سنگھار کا حصہ رہی ہے۔

عہد حاضر میں منہدی لگانے کی روایت نت نئے نمونوں کے ساتھ ساتھ جدید فیشن کا روپ اختیار کر چکی ہے۔ خواتین کے لیے عید کی خوشیاں ہاتھوں پر منہدی سجائے بغیر ادھوری سمجھی جاتی ہیں۔ چوں کہ برصغیر کے باسیوں کی بہت بڑی تعداد برطانیہ میں بھی آباد ہے، اس لیے برطانوی معاشرے میں بھی منہدی کا رواج دیکھنے میں آرہا ہے۔ یہاں اگرچے عید اور شادی بیاہ کی تقریبات پر بیوٹی پارلر سے منہدی لگوانے کا رواج زیادہ ہے، لیکن ایک اور رجحان ''موبائل حنا آرٹسٹ'' کی صورت میں سامنے آیا ہے جو مقبول ہو رہا ہے۔

دراصل برطانیہ میں لڑکیاں بالیاں اپنی ہر چھوٹی بڑی خوشی کے موقع پر منہدی کے چھوٹے اور منفرد ڈیزائنوں کو بطور ''ٹیٹو'' لگوانا پسند کرتی ہیں۔ گھر پر منہدی لگوانے والی خواتین عموماً چھوٹے بچوں کی مائیں ہوتی ہیں یا پھر ایسی خواتین جو ڈرائیونگ نہیں کرتیں۔ برطانیہ میں پلنے بڑھنے والی لڑکیاں شادی بیاہ کے مواقع پر روایتی منہدی لگوانا پسند کرتی ہیں۔

پاک وہند کی طرح، دنیا کے کئی ممالک میں دلہن منہدی کے بغیر ادھوری سمجھی جاتی ہے۔ منہدی جو کبھی صرف منگنی، شادی بیاہ اور عید کے تہواروں کا حصہ سمجھی جاتی تھی، ان دنوں ہر خوشی کی تقریب میں لگوائی جا رہی ہے۔ شادی بیاہ کی تقریبات میں دُلہن اور دُلہن کی سہیلیاں زیادہ تر سوڈانی یا عربی نقش ونگار کی منہدی لگوانا پسند کرتی ہیں۔ منہدی کی اس قسم میں زیادہ پھول اور پتیاں بنائے جاتے ہیں، جنہیں شیڈز میں بھرا جاتا ہے۔

 photo 10_zps55424b9b.jpg

یہ منہدی ڈیزائن دیکھنے میں زیادہ واضح اور خوب صورت نظر آتے ہیں۔ ٹیٹو جیسے ڈیزائن بنانے کے لیے عام طور پر رنگ برنگی منہدی کہنی سے اوپر اور پیروں کے لیے پسند کی جاتی ہے، لیکن دلہن کی مائیں خالہ، چچی جیسے رشتہ دار زیادہ تر منہدی کے روایتی ڈیزائن ہی لگوانا پسند کرتی ہیں۔

برطانیہ میں گھر پر منہدی لگانے کی خدمات انجام دینے والی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ ''ہم تین طرح کے پیکیج پیش کرتے ہیں، جن میں برائونز پیکیج میں نارمل ہاتھوں اور پیروں کی منہدی، سلور پیکیج میں ہاتھوں کی کلائیوں سے تھوڑا اوپر تک اور پیروں کی منہدی، جب کہ گولڈن پیکیج خاص دلہن کے لیے ہوتا ہے، جس کے ڈیزائن بالکل منفرد ہوتے ہیں اور یہ کہنیوں تک لگائی جاتی ہے۔ اس طرح منہدی کے 70 سے 150 پائونڈ تک وصول کیے جاتے ہیں۔ برطانیہ میں صرف برصغیر کی خواتین ہی نہیں بلکہ عرب اور افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی شامل ہیں۔ پسند کے لحاظ سے زیادہ تر عربی منہدی کا رواج ہے۔

ولایت میں منہدی کے ذریعے خواتین کے سجنے سنورنے کو ایک نئی جہت ملی ہے۔ خواتین خوشی کے ہر موقع اور تقریبات میں سجنے سنورنے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں پر حنا کے رنگ بکھیرنا پسند کرتی ہیں اور موجودہ دور میں اس روایت کو ایک نئی زندگی ملی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں