اللہ پاکستان کو مضبوط اسلامی ریاست بنا بھارتی مولانا ابراہیم کی دعا رائے ونڈ اجتماع اختتام پذیر

مسلمان کھویاوقار چاہتے ہیں تو گناہ آلود زندگی سے توبہ کریں اورتمام معاملات قرآن و سنت کے مطابق ادا کرنے کا عہد کریں


APP/Numaindgan Express November 09, 2020
رائے ونڈ: عالمی تبلیغی اجتماع میں بڑی تعداد میں شرکا اختتامی دعا میں شریک، دوسری طرف لوگ واپس جا رہے ہیں

رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع رقت آمیز اختتامی دعا کیساتھ ختم ہوگیا۔

اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطا ب کرتے ہو ئے مولانا خورشید احمد، مولانا محمد اسماعیل اورمولانا محمد ابراہیم آف انڈیا نے کہا کہ ہر کلمہ گو دنیا کیساتھ آخرت کی فکر بھی کرے، ہر انسان کو جنت میں لیجانے کی تڑپ اور فکر سینوں میں پیدا کرنا ہوگی ،تبلیغی جماعت کی ترتیب سہ روزہ، عشرہ اور پھر چلہ لگا کر دین سیکھا جائے ،دیگر معاملات کی طرح تبلیغ کیلیے بھی وقت نکالنا چاہیے۔

اگر ہم دعاؤں کوزندگی کا حصہ بنا لیں توشیطان دور بھاگ جائے گا،آج ہم جن مصائب اور مسائل کا شکار ہیں، یہ دین سے دوری کا نتیجہ ہے۔ اللہ ،انسان کی توبہ کا شدت سے منتظر ہے،آج بھی توبہ کرلیں تو تقدیر بدل سکتی ہے۔ پیارے آقاﷺنے بھی دین الٰہی کی تبلیغ کے دوران مشکلات کا سامنا کیا، وہ انسان افضل ہیں جو گھر،کاروبارچھوڑکرکے تبلیغ کافریضہ سرانجام دیتے ہیں۔

سکون دولت، اولاد اور رتبے میں نہیں،اللہ کے ذکر اور مظلوموں کے کام آنے میں ہے۔انسان کا دنیا میں آنے کا مقصد اللہ کی عبادت اور مخلوق کی خدمت ہے،اسے غرور پسند نہیں،عاجزی اختیار کرنے میں راحت ہے۔

آخری دعا کرتے ہوئے مولانا محمد ابراہیم آف انڈیا نے کہااے اللہ ہمارے گناہ معاف فرما، دین کی سمجھ دے، پاکستان کو مضبوط اسلامی ریاست بنا،امت کے گناہوں سے درگزر فرماکر رحمتوں کا نزول کر،امت کے درمیان اختلافات ختم کرکے امت واحدہ بنادے،انھیں دین الٰہی پر چلنے والا بنادے،ان پر مہربانیوں کے دروازے کھول دے،دوزخ سے بچا کر جنت میں اعلی مقام دے، دنیاوی لذتوں میں گم ہوکر امت محمدیہ دین الٰہی سے دور جاچکی۔

ان کی عزت وتکریم صرف احکام الہی اورسنت بنوی ﷺ کے مطابق زندگی گزارنے میں ہے ، اگر مسلمان دنیا بھر میں کھویاوقار حاصل کرنا چاہتے ہیں تو گناہ آلود زندگی سے توبہ کریں اور آئندہ سے اپنے تمام معاملات قرآن و سنت کے مطابق ادا کرنے کا عہد کریں،اللہ غفورورحیم ہے،وہ انعام وکرام کا نزول کردے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں