پی ڈی ایم ابھرتی معیشت پر حملہ عوام جھانسے میں نہ آئیں کورونا سے بچیں وفاقی وزرا

مریم کی زبان ان کے والد کی یاد دلاتی ہے،شبلی فراز، جلسوں کاخوف ہے نہ پروا، شہباز گِل


News Agencies/Numaindgan Express December 01, 2020
باپ کے بعد بیٹی، ماں کے بعد بیٹا ،بھائی کے بعد بہن، یہ ہے انکی جمہوریت،مرادسعید۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزرا نے اپوزیشن کے جلسے جلسوں کوپھر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے ٹویٹ کیا امید ہے 53ویں یوم تاسیس پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اپنا محاسبہ کیا ہوگا کہ کیسے ایک وفاقی جماعت کو علاقائی جماعت میں تبدیل کر دیا؟سندھ کے عوام 12برسوں سے مسلط نا اہل ٹولے سے نجات کی دہائیاں دے رہے ہیں، کیا18ویں ترمیم انہی مقاصد کیلیے ترتیب دی گئی تھی؟

انھوں نے پریس کانفرنس میں کہانوازشریف کو والدہ کی تدفین میں شرکت سے نہیں روکا ، الزامات مت لگائیں ،گذشتہ 40سالہ سیاست میں جوغیر جمہوری اقدامات ہوئے ،ان میں نوازشریف کا مرکزی کردار ہے، چاہے محمد خان جونیجو کی پیٹھ میں چھرا ہو، چھانگا مانگا ،مہران بنک سکینڈل ہو یا بے نظیر کی حکومت کو گرانا ہو،مریم نوازکی زبان ان کے والد کی یاد دلاتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملتان میں ن لیگ کی وراثت پر ملنے والی گدی پر بیٹھ کر جھوٹی تقاریر سے جلسہ گاہ کے ساتھ والی عمارت میں آگ لگ گئی ،مذہبی لبادہ اوڑھنے اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ہارنے والا اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی بات بول رہا ہے، یہ 13دسمبر کی تاریخیں دے رہے ہیں ، 150 جلسے بھی کرلیں تو حکومت کا بال بیکا نہیں کرسکتے، مہنگائی عارضی بیماری ہے، کرپشن کے کورونا سے عوام کی جان چھڑائیں گے، وہ جھانسے میں آنے کی بجائے کورونا سے بچاؤ یقینی بنائیں ۔پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر سٹیج پر وہ لوگ بیٹھے تھے جنہوں نے ذوالفقار بھٹو کو پھانسی کے تختے پر پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی کی بدولت کورونا کی پہلی وباء سے کامیابی کے ساتھ نکلے،جسے دنیا نے تسلیم کیا۔ اپوزیشن کی وجہ سے ملک پیچھے رہ گیا ،آپ اپنا کاروبار بڑھاتے رہے اورادارے تباہ ہوتے رہے، آپ نے ملک قرضوں میں جکڑ دیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی دیانتداری اور محنت میں کوئی اور مقابلہ نہیں کرسکتا،عوام نے فیصلہ کر لیا کرپٹ ٹولے کو دوبارہ موقع نہیں دیا جائے گا،حکومت ملک آگے لے جانے کیلئے پرعزم ہے۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین فیصل جاوید نے کہادنیاوزیراعظم عمران خان کی معاشی اور کورونا وبا پر قابو پانے کی حکمت عملی کی معترف ہے جبکہ ہماری اپوزیشن عجیب ہے جو اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ بچانے میں مصروف رہتی ہے، پی ڈی ایم کرپشن بچانے کی مہم اور ابھرتی معیشت پر حملہ ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے ٹویٹ کیا حکومت کو جلسوں کا خوف ہے نہ پروا،صرف عوام کی فکر ہے،این آر او کے متلاشی ناٹک منڈیاں لگا رہے ہیں،اب کوئی حربہ نہیں چلے گا۔ہر شہری کو زندگی کا تحفظ آئین دیتا ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں،اپوزیشن انتشار پھیلا کر اور حکومت کو بلیک میل کر کے این آر او لینا چاہتی ہے مگر وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر نہیں دیں گے،ان کی 22 سالہ جدوجہد بدعنوان قائدین کے خلاف ہے،ان کی قیادت میں معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی لوٹ مارکے باعث پیپلزپارٹی مقبولیت کھو چکی، اب آصفہ بھٹو کو لانچ کریں یا کسی اور کو، عوام دوبارہ ملک لوٹنے کا موقع نہیں دیں گے۔یہ لوگ اپنے گھر منگنی تقریب اور تعزیت کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے،دوسری جانب سیاسی فوائد اور ذاتی مفادات کیلئے جلسے کر کے عوام کی زندگیاں خطرے میں دھکیل رہے ہیں۔ شہباز شریف والدہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے 15دن کے پیرول پر رہا ہوئے،مریم صفدر دوسرے ہی روز جلسے کرنے نکل پڑیں۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کرپشن کا دفاع اولاد یا درباری کریں گے، باپ کے بعد بیٹی، ماں کے بعد بیٹا ،بھائی کے بعد بہن، یہ ہے ان کی جمہوریت۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودہری نے کہا مریم نواز اور بلاول بھٹو اپنے اپنے والد کو کرپشن اور منی لانڈرنگ کیسز سے بچانے کیلئے حکومت مخالف تحریک چلا رہے ہیں تاہم بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز احتساب جاری رہے گا اور حکومت کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باعث کورونا بڑھ رہا ہے، اپوزیشن کے جلسوں سے پھیلنے کاخطرہ ہے۔

وزیر انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے اپنے بیان میںکہا اپوزیشن جتنے چاہے جلسے کر لے، حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، عمران خان آئندہ پانچ سال بھی وزیراعظم ہوں گے۔

وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے ٹویٹ کیاکینیڈا میں ویکسین لگانے کی مہم کی ذمہ داری سینئر جنرل کودی گئی، وہاں کے اخبار دیکھیں،کہیں اپوزیشن نے یہ تو نہیں کہہ دیا کہ جسٹن ٹروڈو تم تو سیلیکٹڈ نکلے، ایک کٹھ پتلی ہو اور ہمارا مقابلہ تم سے نہیں ،تمہیں لانے والوں سے ہے۔

انھوں نے مزید کہا سب سے بڑے برآمدی شعبہ ٹیکسٹائل میں تیزی شاندار کامیابی کی کہانی ہے، چار سال پہلے بلوم برگ اس کی زبوں حالی اور بیروزگاری کی خبریں دے رہا تھا،آج اس کی مکمل استعداد کے ساتھ کام نمایاں کررہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹی وی انٹرویومیں کہا مسئلہ کشمیرپر56 ممالک، پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات اچھے اور مستحکم ہیں،یو اے ای نے نئے ویزوں پر عارضی پابندی لگائی ہے ، پاکستان کی خواہش ہے یہ جلد ہٹا لی جائے ،پی ڈی ایم جلسے ضرور کرے لیکن اگر کچھ دنوں کے لئے وقفہ کردیں تو قیامت نہیں آجائے گی۔

وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا نوازشریف، الطاف حسین کے قدموں پر چل پڑے ہیں جو کھل کر ریاست دشمنی پر اتر آئے ہیں ،وہ جب اقتدار میں تھے تو ملک قرضوں کی دلدل میں جکڑنے کا منصوبہ بنایا تاکہ قومی سلامتی خطرے میں پڑجائے،نریندر مودی اور اجیت دوول سے نوازشریف کی خفیہ ملاقاتیں گیم پلان کی مثالیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں