اپوزیشن وباء میں کارکنوں کو ذاتی مفاد کیلئے بطورایندھن استعمال کررہی ہے پی ٹی آئی رہنما

لاہور میں وباء کی صورتحال تشویشناک ہے، اپوزیشن اپنے مفاد کیلئے عوام کی زندگیوں سے مت کھیلے، عثمان بزدار


Express News December 06, 2020
لاہور میں وباء کی صورتحال تشویشناک ہے، اپوزیشن اپنے مفاد کیلئے عوام کی زندگیوں سے مت کھیلے، عثمان بزدار . فوٹو : فائل

کورونا کے دوران اپوزیشن کے جلسے جلوس پر حکومتی شخصیات نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن وباء میں کارکنوں کو ذاتی مفاد کے لیے بطور ایندھن استعمال کررہی ہے، اپوزیشن اپنے مفاد کے لیے عوام کی زندگیوں سے مت کھیلے۔

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں لکھا کہ اپوزیشن رہنما گھر کے پرآسائش ماحول میں قرنطینہ ہیں جب کہ کارکنوں کو ذاتی مفاد کے لیے ایندھن کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے یوں ہی کھیلتی رہے گی۔



سینیٹرفیصل جاوید نے بھی ٹویٹر کا محاذ سنبھالا اور کہا اسمبلی سے استعفوں کی بات ہو رہی ہے، یہ استعفےنہیں، لطیفے ہیں، اول تو استعفے دیں گے نہیں اور اگر دے بھی دیے، سو بسم اللہ دے دیں، جن نشستوں پر استعفے دیں گے وہاں پہ ضمنی الیکشن ہوگا اور پی ٹی آئی بھاری اکثریت حاصل کر لے گی۔



معاون خصوصی شہبازگل نے بھی ٹویٹ میں لکھا کہ جب سے وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو جلسے کے لیے روکا نہیں جائے گا لیکن قانون توڑنے والوں پر کارروائی ہوگی، تب سے مریم نواز حواس باختہ ہوگئی ہیں، ۔مریم نواز کو پتہ ہے لوگ ان کو مسترد کر چکے ہیں، 13 دسمبر کو لاہور ان کو بتائے گا کہ شہر انکی جاگیر نہیں، لوگ کرپٹ چوروں کو مسترد کر چکےہیں۔



دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے بھی خبردار کیا کہ لاہور میں وباء کی صورتحال تشویشناک ہے، اپوزیشن اجتماعات کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے۔

حکومتی شخصیات نے واضح کیا کہ اپوزیشن اپنے مفاد کے لیے عوام کی زندگیاں خطرے میں مت ڈالے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں