جو قانون کو للکارے گا اس کے خلاف ڈنڈا حرکت میں آئے گا فردوس عاشق

شوقیہ فنکار اور اداکار مریم نواز ریلیوں کے ذریعے ہر روز نئی پرفارمنس کے لیے اچھل کود کر رہی ہیں، معاون خصوصی پنجاب


Khabar Nigar December 10, 2020
شوقیہ فنکار اور اداکار مریم نواز ریلیوں کے ذریعے ہر روز نئی پرفارمنس کے لیے اچھل کود کر رہی ہیں، معاون خصوصی پنجاب (فوٹو: فائل)

وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جو قانون کو للکارے گا اس کے خلاف قانون کا ڈنڈا حرکت میں آئے گا، شہر کا امن ہر حال میں بحال رکھیں گے۔

لاہور ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوقیہ فنکار اور اداکار بالخصوص مریم نواز ریلیوں کے ذریعے ہر روز نئی پرفارمنس کے لیے اچھل کود کر رہی ہیں، آج جہاں دنیا میں انسانیت کا عالمی دن منایا جارہا ہے وہاں شاہی خاندان کی راج کماری شہریوں کی زندگی کو کورونا وائرس کی بھینٹ چڑھا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مولانا کی ڈنڈا بردار فوج کو قانون کے تابع لائیں گے، فردوس عاشق اعوان

 

وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ سرکاری اہل کاروں پر ڈنڈے برسانے کے لیے جاتی امرا میں ڈنڈے پہنچائے گئے تاہم حکومت ان کے عزائم کو بھانپ چکی ہے اور شہریوں کے حقوق کی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، ''دلی ہنوز دور است''، جو استعفی لینے آئے تھے وہ اب استعفی دینے کے لیے تیار نظر آتے ہیں، ڈی جے بٹ کو ناجائز اسلحہ کی وجہ سے پکڑا جو بھی قانون کو للکارے گا، قانون کا ڈنڈا حرکت میں آئے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ملکی دولت لوٹنے والے کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے اور وہ کرپشن کے نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے میدان میں ہیں بھارت کشمیر میں بے پناہ تشدد کر رہا ہے، کشمیر میں عورتوں کی عزتیں پامال ہو رہی ہیں اور مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، دنیا ان مظالم کا نوٹس لے۔

دریں اثناء اپنے ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عقل کے اندھوں پر مشتمل مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے، جلسے کی ناکامی کے خوف سے اپوزیشن نے ابھی سے واویلا شروع کردیا ہے اور پی ڈی ایم کے کرپٹ عناصر خوف زدہ ہیں، اپوزیشن نے اپنے ادوار میں پہلے کرپشن کا وائرس پھیلایا اور اب یہ عناصر کورونا وائرس پھیلا کر معصوم زندگیوں کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں