پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک ہفتے میں حصص کی مالیت میں 45 ارب 61 کروڑ سے زائد کا اضافہ

مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بڑھ کر 77 کھرب 75ارب 18 کروڑ 31 لاکھ 78 ہزار 463 روپے ہوگیا


Ehtisham Mufti December 12, 2020
ہفتہ وار کاروبار کے ابتدائی 2 سیشنز میں مندی اور اختتامی 3 سیشنز میں تیزی ہوئی فوٹو: فائل

گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے باعث حصص کی مالیت 45 ارب 61 کروڑ 46 لاکھ 5 ہزار568 روپے بڑھ گئی۔

مہنگائی کی شرح میں کمی، سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد میں تسلسل سے اضافے اور ملک کے اقتصادی افق پر مثبت اطلاعات سے گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی برقرار رہی، جس سے انڈیکس کی 42400 پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی، کاروباری ہفتے میں غیر یقینی صورتحال سے بعض سیشنز میں مندی بھی ہوئی۔

11 دسمبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن کے کیسز سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ہوا۔ سیاسی افق پر کشیدگی سے بھی سرمایہ کاروں نے حصص کی آف لوڈنگ کی۔ برآمدی آرڈرز موصول ہونے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے مارکیٹ کی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے۔

ہفتہ وار کاروبار کے ابتدائی 2 سیشنز میں مندی اور اختتامی 3 سیشنز میں تیزی ہوئی۔ مجموعی طور پر تیزی کے باعث حصص کی مالیت 45 ارب 61 کروڑ 46 لاکھ 5 ہزار568 روپے بڑھ گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 77 کھرب 75ارب 18 کروڑ 31 لاکھ 78 ہزار 463 روپے ہوگیا۔

ہفتہ وار کاروبار میں 100 انڈیکس 263.40 پوائنٹس بڑھ کر 42470.40 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کےایس ای 30 انڈیکس 47.65 پوائنٹس بڑھ کر 17730.15 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایم آئی 30 انڈیکس 722.02 پوائنٹس بڑھ کر 69018.63 پوائنٹس پر بند ہوا اور کے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 192.85 پوائنٹس بڑھ کر 21023.44 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں