پنجاب میں جبر کی حکومت برداشت نہیں کی جاسکتی اعتزاز احسن

پیپلز پارٹی نے پہلے بھی وفاقی حکومت کو کئی مواقع دیے اب بھی دے رہے ہیں۔


Bearue Rerport December 28, 2013
پیپلز پارٹی نے پہلے بھی وفاقی حکومت کو کئی مواقع دیے اب بھی دے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

SANTA FE: پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پنجاب میں زبردست دھاندلی کی گئی، پیپلز پارٹی کو ہرانے کے لیے کئی منصوبے تیارکیے گئے جن میں ایک منصوبہ پولنگ بوتھس پربیلٹ باکسز میں ردی بھرنا بھی تھا لیکن نتائج کومشروط طور پر تسلیم کیا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں شہید بے نظیربھٹو کی چھٹی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اعتزاز احسن نے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات ریٹرننگ افسرکے انتخابات تھے، وزیرداخلہ چوہدری نثارنے خود کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر مقناطیسی سیاہی موجود نہ تھی، انگوٹھے میچ نہیں کرتے، انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ہر حلقے میں جعلی ووٹ ہونگے یہی وجہ ہے کہ ہم پنجاب میں ہونے والے انتخابات کوشفاف نہیں کہتے، انھوں نے سخت لب و لہجہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی وفاقی حکومت کو کئی مواقع دیے اب بھی دے رہے ہیں۔

انھوں نے نواز شریف کا نام لیتے ہوئے کہا کہ آپ سدھرجاؤ یہ مت سوچو کہ ہم سے کچھ اوجھل ہے، صرف ایک کال پر عوام سڑکوں پرہونگے، اس لیے کہتے ہیں کہ آصف زرداری کومت آزماؤ، پنجاب میں جبر کی حکومت ہے جو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کی جاسکتی لیکن بی بی کی پالیسی پر چل رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ملک میں ہمیشہ سے دو روایت موجود رہی ہیں، ایک ظلم، دھوکہ پرستی، بزدلی، جبر سے سمجھوتے کی جبکہ دوسری روایت اصولوں پرڈٹے رہنے کی ہے اور عوام آج بھی جبر کے سامنے ڈٹ جانے والوں کے ساتھ ہیں، انھوں نے کہا کہ عوام آج بھی بے نظیر بھٹو کے ساتھ ایک عقیدت کے رشتے میں جڑی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر عوام بڑی تعداد میں اپنی قائد کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں