شاہ محمود قریشی کی امیر دبئی سے ملاقات پاکستانیوں کی مشکلات حل کرنے پرزور

وزیراعظم کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق


خالد محمود December 18, 2020
ابوظبی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اماراتی وزیراعظم شیخ محمد بن راشد سے ملاقات کر رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچ گئے۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی، سفارتخانے کے سنیر افسران اور اماراتی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات، دو طرفہ باہمی اقتصادی و معاشی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مذہبی تاریخی اور تہذیبی بنیادوں پر استوار دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی گزشتہ کئی دہائیوں سے یو اے ای کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ آئندہ سال دبئی میں منعقد ہونیوالی نمائش (دبئی ایکسپو2020 ء ) میں پاکستانی پویلین، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوستی کا مظہر ہو گا۔ فریقین کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المختوم کو یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔ مخدوم شاہ محمود سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم نے دبئی میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور امارات کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں