آئی او سی کی وارننگ پی ایس بی حکام کو طلب کیا جائے گا سینیٹر فرح عاقل

پابندی سے دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی ہوگی،اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرپرسن


پابندی سے دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی ہوگی،اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرپرسن

سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کی چیئر پرسن سینیٹر فرح عاقل شاہ نے کہا ہے کہ آئی او سی کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے سے دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی ہوگی۔

ایسا کوئی فیصلہ آنے سے قبل آئندہ ماہ کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے پی ایس بی حکام کو پیش ہونے کی ہدایت کی جائے گی، انھوں نے ان خیالات کا اظہار نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سینیٹرفرح عاقل شاہ نے کہا کہ آئی او سی کی جانب سے پاکستان کو وارننگ جاری کرنا سنگین معاملہ ہے، اولمپکس کی اہمیت اورافادیت سے انکار ممکن نہیں، ہم نہیں چاہتے کہ بھارت کی طرح پاکستان کو بھی آئی او سی کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنا پڑے، حکومت پاکستان کو31 جنوری2014 تک کی وارننگ سے قبل اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل کو بلاکر وضاحت حاصل کی جائیگی۔

 photo 4_zps3799020c.jpg

انھوں نے کہا کہ کمیٹی کو پی ایس بی سے دیگر معاملات پر بھی جواب طلب کرنا ہے، ان میں بورڈ میں پائی جانے والی مبینہ مالی بے ضابطگیاں اور دیگر بے قاعدگیاں بھی شامل ہیں، سینیٹر فرح عاقل شاہ نے ایک سوال پر کہا کہ 4 اکتوبر کو اس وقت کے وفاقی سیکریٹری فرید اللہ خان نے حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے آئی او سی کے ہیڈ کوارٹرز لوزانے میں ہونے والے اجلاس میں رضا مندی ظاہر کی تھی، انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں اولمپک تحریک پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے گا، قومی اسپورٹس پالیسی کو اولمپک چارٹر سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اس میں مناسب تبدیلیاں لائی جائیں گی لیکن اب وعدے کے مطابق عمل کرنے سے گریزکیا جا رہا ہے، سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی چیئر پرسن نے کہا کہ اگر پی ایس بی کے ڈی جی طلب کرنے کے باوجود حاضر نہ ہوئے تو انھیں سمن جاری کیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں