اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دے دی
آکسیجن گیس کی اسٹوریج کے لیے آلات کی ڈیوٹی فری درآمد کی بھی اجازت
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی اصولی منظوری دے دی، آکسیجن گیس کی اسٹوریج کے لیے آلات کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت بھی دے دی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی اصولی منظوری دے دی گئی تاہم پلان کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی اور کابینہ کے سامنے پیش کرنے سے پہلے اس کی متعلقہ شعبوں سے منظوری لینی ہوگی۔
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ کابینہ میں پیش کرنے سے قبل وزیر خزانہ کو متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے عمومی مشاورت مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ای سی سی نے مہمند اور بھاشا ڈیم کے لیے 50 کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ جاری کرنے سمیت 5 مختلف محکموں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری بھی دے دی جب کہ آکسیجن گیس کی اسٹوریج کے لیے آلات کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت دے دی گئی۔
ای سی سی کو وزارت میری ٹائمز کی کنٹینرز ہینڈلنگ صلاحیت بڑھانے کے لیے 5 ٹرمینلز کے قیام کے لیے ماسٹر پلان میں ترامیم پر بریفنگ دی گئی۔ ای سی سی نے 2 ایل این جی ٹرمینلز اور 2 ملٹی پرپز ٹرمینلز سمیت 5 ٹرمینلز کے قیام کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں وزارت انرجی کی گیس کی درآمد اور انفرا اسٹرکچر منصوبوں کی فنڈنگ اور قرضوں کی ادائیگی کی سمری پر غور کیا گیا جس کے بعد ای سی سی نے بورڈ کی حتمی منظوری سے مشروط کرکے سمری منظور کرلی۔
ای سی سی نے ایس اے پی کے مختلف منصوبوں کے لیے 75 کروڑ 71 لاکھ روپے کی گرانٹ، ایچ ای سی کی کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلبا کی فیس واپسی کے لیے 50 کروڑ کی گرانٹ منظور کی جبکہ وزارت ہاوٴسنگ کے لیے 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور سندھ اور بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 4 ارب 18 کروڑ روپے کی بھی منظوری دی۔
واضح رہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان 11 کھرب روپے کے پیکیج پر مبنی ہے جس سے شہر میں سڑکوں، سیوریج، صاف پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کیے جائیں گے، سیوریج سسٹم مکمل طور پر ٹھیک کیا جائے گا اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔