گھریلو سامان کی آڑ میں بیرون ملک سے لائی گئی 3 کروڑ روپے کی چھالیہ پکڑی گئی

سامان سعودی عرب سے منگایا گیا، ملزمان سامان وصول کرنے نہیں آئے تو نیلامی کے لیے کھولا گیا تو 26 ٹن چھالیہ نکلی


Ehtisham Mufti December 26, 2020
سامان سعودی عرب سے منگایا گیا، ملزمان سامان وصول کرنے نہیں آئے تو نیلامی کے لیے کھولا گیا تو 26 ٹن چھالیہ نکلی (فوٹو : فائل)

پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹوریٹ نے گھریلو استعمال شدہ سامان کی آڑ میں سعودی عرب سے آنے والے بیگیج کے درآمدی کنسائمنٹس سے 26 ٹن چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ذرائع کے مطابق شاہد محمود اور آصف نامی افراد نے بیگیج کے دو کنسائمنٹس درآمد کیے جس کی کلیئرنس کے لیے کئی ماہ گزرنے کے باوجود محکمہ کسٹمز میں گڈز ڈیکلریشن داخل نہیں کرائی گئیں تاہم کسٹم حکام نے گڈز ڈیکلریشن داخل کرنے کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد مذکورہ درآمد کنندگان سے بذریعہ خط رابطہ کیا لیکن ان درآمد کنندگان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

حکام نے کسٹمز قوانین کے تحت مذکورہ دونوں کنسائمنٹس کو نیلامی کی غرض سے آکشن ایریا میں منتقل کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس دوران پورٹ قاسم کلکٹوریٹ کی جانب سے مذکورہ کنسائمنٹس کی کسٹمز ایگزامنیشن کی گئی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ کنسائمنٹس میں گھریلو استعمال شدہ اشیاء واٹر ڈسپنسر، جوتے، میٹرس، کرسیاں، بچوں کے بیڈ، ڈریسنگ ٹیبل، ایکسر سائزمشین، ٹریڈ میل، گاڑیوں کے وائپرز، پیمپر، کمبل، لکٹری کے پینل، واشنگ مشین اور صوفہ سیٹ کے علاوہ 3 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار روپے مالیت کی 26 ٹن سے زائد چھالیہ بھی موجود ہے۔

حکام کے مطابق چھالیہ کو گھریلو استعمال شدہ سامان کی آڑ میں اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ حکام نے مذکورہ کنسائمنٹس کے درآمد کنندگان شاہد محمود اور آصف کے خلاف مقدمہ درج کرکے اشیاء ضبط کرلی ہیں اور ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں