آتش زدگی کی شکار عمارت سے بے خطر کود پڑیں کیوں کہ۔۔۔ ایجاد ہوگیا ہے ایسا بیگ جو بلندی سے گرنے والوں کو جھ

چین کےتین تخلیق کاروں نےایک درمیانے وزن کا انتہائی مضبوط اورخود کار طریقےسےکام کرنے والا Rescue Air بکس تخلیق کیا ہے۔


Ateeq Ahmed Azmi September 09, 2012
بلند عمارتوں میں بالائی منزل پر رہائش پذیر افراد آگ لگنے سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ فوٹو: فائل

بلند عمارتوں میں بالائی منزل پر رہائش پذیر افراد آگ لگنے سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور فائر بریگیڈ یا امدادی ٹیم کی تاخیر کی صورت میں گھبراہٹ میں بلندی سے چھلانگ لگا کر موت کا شکار ہوجاتے ہیں یا شدید زخمی ہوجاتے ہیں۔

اس پریشانی کن حالت سے نکالنے کے لیے چین سے تعلق رکھنے والے تین تخلیق کاروں نے ایک درمیانے وزن کا انتہائی مضبوط اور خود کار طریقے سے کام کرنے والا Rescue Air بکس تخلیق کیا ہے، جس میں موجود وسیع بستر(Air Bag) فوری طور پر خودکار طریقے سے گیس بھرنے کے باعث سطح زمین پر بچھ جاتا ہے، جس پر بعد ازاں آگ میں گِھرا ہوا شخص کود کر خود کو محفوظ کر سکتا ہے۔

بنیادی طور پر ان بکس یا ڈبوں کا بالائی منزلوں پر مقیم افراد کے پاس ہونا ضروری ہے، تاکہ اگر ہنگامی حالات پیدا ہوجائیں تو وہ ان ڈبوں کو اپنی بالکونی یا کھڑکیوں سے نیچے پھینک کر اپنی مدد آپ کے تحت بچائو کا سامان کرسکیں۔

تخلیق کار ''ہائو زینگ ہو، یہ یکنگ شنگ اور روکیانگ وانگ'' کا ان ڈبوں یا ایئر بیگ کے خودکار طریقے سے کام کرنے کے حوالے سے کہنا ہے کہ بکس کے بنیادی طور پر دو حصے ہیں، جس میں بالائی تین چوتھائی حصے میں ایئر بیگ رکھا گیا ہے، جب کہ نیچے کی جانب ایک چوتھائی حصے میں خودکار طریقے سے کام کرنے کا نظام بچھایا گیا ہے۔ اس حصے کے درمیان میں جھٹکا محسوس کرنے والا ایک سنسر ہے۔

جب بکس زمین پر تیزی سے آکر ٹکراتا ہے تو سنسر جھٹکا محسوس کرتے ہی بکس میں موجود اسپرنگ میں لگی ہوئی اسٹیل کی بال کو متحرک کردیتا ہے۔ اسٹیل کی بال کے اوپر نیچے حرکت کرنے کے باعث بکس میں موجود برقی اگنیشن آن ہوجاتا ہے، جس سے بکس میں موجود کیمیائی مادے ''سوڈیم آزائیڈ(NaN3)'' میں کیمیائی عمل شروع ہوجاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ایئر بیگ میں گیس بھرنے کا سسٹم بھی فعال ہوجاتا ہے۔ انتہائی برق رفتاری سے گیس پیدا کرنے والے مادے سوڈیم آکسائیڈ کے باعث 0.1سیکنڈ کے عرصے میں گیس سے بھرا ہوا یہ بیگ حفاظتی بکس کا اوپری حصہ جھٹکے سے علیحدہ کرکے بتدریج پھیلنا شروع کردیتا ہے۔ واضح رہے کہ سرخ رنگ پر مشتمل مضبوط میٹریل سے بنے ہوئے یہ بکس نچلے حصے میں زیادہ وزن کے باعث سیدھے گرتے ہیں۔

تخلیق کاروں کے مطابق مکمل پھولنے کے بعد اس ایئر بیگ کا سائز ایک عام فرد کی جسامت سے دگنا ہوجاتا ہے اور اگر بیک وقت چار یا نچ بیگ ایک جگہ گرادیے جائیں اور نیچے موجود افراد انہیں ایک ترتیب دے دیں تو بہ آسانی دس سے بارہ افراد کسی بھی امداد کے آنے سے قبل چھلانگ لگا کر اپنی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں