مینجمنٹ ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں استحکام کیلیے فکرمند

کرائسٹ چرچ میں یونس خان نے نئی گیند سے بھرپور مشقیں کرادیں


Abbas Raza January 02, 2021
بابر اعظم کی بھی نیٹ پریکٹس،دوسرا ٹیسٹ کھلانے کا فیصلہ آج ہوگا (فوٹو پی سی بی)

پاکستانی ٹیم مینجمنٹ ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں استحکام کیلیے فکرمند ہے۔

نیوزی لینڈ سے دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کیلیے قومی ٹیم نے کرائسٹ چرچ میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا،3 گھنٹے تک کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں صلاحتیں نکھارنے کیلیے سرگرم رہے،ابتدا میں مصباح الحق نے مختصر لیکچر دیا، وارم اپ کے بعد جسمانی مشقوں کا سلسلہ شروع ہوا، بیٹسمینوں نے پیس اور باؤنس کا سامنا کرنے کی تیاری کی، ٹاپ آرڈر کو مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

شان مسعود، عابد علی اوراظہر علی نے بیٹنگ کوچ یونس خان کی رہنمائی میں نئی گیند پر بھرپور پریکٹس کی، فواد عالم اور محمد رضوان نے بھی طویل سیشن کیا، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور فہیم اشرف سمیت بولرز اپنی لائن و لینتھ بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے، یاسر شاہ اور ظفر گوہر الگ نیٹ میں ایکشن میں نظر آئے۔

فیلڈنگ پریکٹس میں ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سلپ کیچز کی خصوصی مشق کرائی، بابر اعظم نے ٹیم کے ساتھ پہلا مکمل نیٹ سیشن کیا،،ٹیم مینجمنٹ ہفتے کو ایک اور نیٹ سیشن کے بعد فیصلہ کرے گی کہ کیا انھیں دوسرے ٹیسٹ کیلیے میدان میں اتارنا چاہیے یا جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے قبل کوئی خطرہ نہ مول لیا جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی تکلیف ابھی باقی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کا آخری ٹیسٹ اتوار کو ہیگلے اوول میں شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ ماؤنٹ مانگونئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو101 رنز سے شکست ہوئی تھی، اب سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں