وینا ملک کی شادی یا پھر

وینا ملک نے بالی وڈ انڈسٹری میں انٹری کے لئے اس چانس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے تمام اخلاقی حدیں پار کرنے میں۔۔۔


Muhammad Javed Yousuf December 31, 2013
وینا ملک نے بالی وڈ انڈسٹری میں انٹری کے لئے اس چانس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے تمام اخلاقی حدیں پار کرنے میں کوئی عار محسوس نہ کی۔ فوٹو : فائل

شوبز میں بہت سارے ایسے لوگ ہیں جنہوں نے اپنی پرفارمنس کے ساتھ کئی عشرے راج کیا ہے، کچھ نے ابتداء میں سیکنڈلز کا سہارا لیا مگر جلد ہی انہیں احساس ہوگیا کہ کامیابی کے لئے یہ طریقہ کار زیادہ کارگر نہیں جس پر انہوں نے پرفارمنس پر توجہ دیتے ہوئے اپنا مقام بنایا۔

مگر اداکارہ وینا ملک نے شاید سیکنڈلز اور متنازعہ خبروں کو ہی وجہ شہرت بنا رکھا ہے۔ کوئی دن ایسا نہیں جب ان کے حوالے سے کوئی نیوز میڈیا کی زینت نہ بن رہی ہو۔ کبھی کسی کے ساتھ افیئر تو کبھی بولڈ فوٹو شوٹ۔ بس پھر کیا الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر مختلف حلقوں کی طرف سے تنقید اور مذمت کے بیانات اور وینا ملک کی تردید کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

ان کی اسی ''کارکردگی'' کو دیکھتے ہوئے سیکنڈل کوئین کا خطاب دیا گیا ہے۔ وینا ملک جنہوں نے کیرئیر کا آغاز ہی ایک عریاں فوٹو شوٹ سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے فلم ''تیرے پیار میں'' اداکارہ زارا شیخ کی ایک دوست کے ثانوی کردار سے کیا، جس کے بعد انہوں نے اداکار وہدایتکار جاوید شیخ کی فلم ''یہ دل آپ کا ہوا'' میں بھی اسی طرح کا رول کیا۔



یہ دونوں فلمیں انہیں بطور اداکارہ شناخت نہ دے سکیں، البتہ اداکار وہدایتکار عجب گل کی فلم ''کیوں تم سے اتنا پیار ہے'' میں ساتھی اداکار ببرک شاہ کے ساتھ افیئر کی خبروں کے ذریعے منظر عام پر آئیں اور لوگوں کو پتہ چلا کہ وینا ملک کے نام کی بھی کوئی اداکارہ ہے۔ فلم ''محبتاں سچیاں'' کے ہیرو عدنان خان کے ساتھ معاشقے کی خبریں میڈیا کی زینت بننے لگیں، جس میں ببرک شاہ بھی اہم رول کر رہے تھے۔ فلم کی ریلیز ہونے کے بعد عدنان خان والا باب تو ختم ہوگیا۔ مگر ببرک شاہ اور وینا ملک ایک عرصہ تک میڈیا والوں کو اپنے طرف متوجہ رکھنے میں کامیاب رہے۔

سپاٹ فکسنگ سیکنڈل کی وجہ سے کرکٹ ٹیم سے باہر ہونیوالے کرکٹر محمد آصف کے ساتھ ان کا نام لیا جانے لگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد آصف کے ساتھ اپنے سیکنڈل کی خبر اور تصاویر خود ہی میڈیا کو مہیا کیں۔محمد آصف جن کا کرکٹ کیرئیر پہلے ہی داغدار ہوچکا تھا وہ مزید کسی گرداب میں پھنسنے کی بجائے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ مگر ''سیکنڈل کوئین'' انہیں آسانی سے چھوڑنے کے لئے بالکل تیار نہیں تھی۔ اداکارہ انہیں جہاں کہیں موقع ملتا، وہ کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیتی، یہاں تک کہ سپاٹ فکسنگ سیکنڈل کیس میں محمد آصف کے خلاف بیانات کے ذریعے بین الاقوامی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ ان کی یہ شہرت ہمسایہ ملک بھارت تک بھی پہنچ گئی، جنہوں نے پاکستانی کرکٹر کے خلاف دئیے جانیوالے متنازعہ بیان پر انعام کے طور پر ''بگ باس'' کا حصہ بنا لیا۔



وینا ملک نے بالی وڈ انڈسٹری میں انٹری کے لئے اس چانس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے تمام اخلاقی حدیں پار کرنے میں کوئی عار محسوس نہ کی۔''بگ باس'' میں اداکار اشمیت پاٹیل کے قریب ہونے اور بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بننے کے لئے وہ کچھ کیا کہ جس کا تصور کرنا بھی ہمارے معاشرے میں اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ اشمیت پاٹیل کے ساتھ سیکنڈل کئی مہینوں تک بھارتی میڈیا کی شہ سرخیاں بنتا رہا اور آخر کار اس کا انجام بھی ببرک شاہ اور محمد آصف کی طرح ہی ہوا۔ وینا ملک نے بالی وڈ کی معروف اداکاراؤں کی فہرست کا حصہ بننے کے لئے سی کلاس فلموں میں قابل اعتراض مناظر عکسبند کروائے مگر انہیں کامیابی نہ مل سکی ۔ سال رواں جو آئندہ چند روز تک اختتام پذیر ہوجائیگا۔ اس کے رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں میڈیا پر خبر آئی کہ وینا ملک نے دبئی میں اسد بشیر نامی نوجوان سے نکاح کرلیا ہے۔

اس بار بھی نکاح کی خبر اور تصاویر میڈیا کو اداکارہ نے خود ہی بجھوائیں ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسد بشیرکا امریکہ اوردبئی میں کاروبارہے اوریہ رشتہ وینا کے والد ملک اسلم کی رضامندی سے طے ہوا ہے۔ اسد بشیر، ملک اسلم کے دوست کا بیٹا ہے۔ نکاح میں دونوں کی فیملیز اورقریبی دوست بھی شریک ہوئے ہیں۔ دونوں آئندہ ماہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب بھی جائینگے۔ اداکارہ کا شادی کے بندھن میں بندھ جانے کے بعد سیکنڈل کی خبریں تو بند ہوجائیں، مگر اس کے ساتھ ہی وینا ملک اور اس کے سسر کے درمیان شوبز سرگرمیاں جاری رکھنے کے حوالے سے تنازعہ سامنے آگیا ہے جس میں اداکارہ شادی کے بعد اداکاری جاری رکھنا چاہتی ہیں جبکہ سسر اس کے مخالف ہیں۔ دوسری طرف بھارت میں بھارتی بزنس مین پرشانت پرتاب اور ان کی والدہ نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ جس سے ایک نیا پنڈورا باکس کھلنے کے امکانات ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں