سندھ یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹس سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

طلبا کوپلیٹ فارم ملے گا،کمیٹی تشکیل، وائس چانسلر کی صدارت اجلاس


Express News Desk December 31, 2013
اساتذہ کے لیے فیکلٹی سینٹرل کینٹین کے قیام اور کیمپس و ہاسٹلز میں مختلف شاپس اور کینٹین کے سلسلے میں یکساں پالیسی تیار کرنے کا بھی فیصلہ۔ فوٹو : فائل

سندھ یونیورسٹی جامشورو نے سال 2014 میں طلباء کیلیے کئمپس میں اسٹوڈنٹس سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انھیں تعلیمی معاملات پر بحث مباحثے کرنے کیلیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔

یہ فیصلہ سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر احمد مغل کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ جس میں ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر عابدہ طاہرانی، ڈین کامرس اینڈ بزنیس ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر نور محمد جمالی، ڈین اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر اسد علی شیخ، ڈاکٹر امداد اللہ بروہی، ڈاکٹر افشین شاہ، غلام محمد بھٹو، مشتاق احمد میمن، محمد عثمان منگی، احمد علی عباسی، سیکیورٹی غلام نبی کاکا، عبدالحفیظ ابڑو و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمینٹ کی طرف سے پی سی ون تیار کرکے ہائرایجوکیشن کمیشن کو فنڈز مہیا کرنے کے لیے بھیجی جائے گی۔



اجلاس میں اساتذہ کے لیے فیکلٹی سینٹرل کینٹین کے قیام اور کیمپس و ہاسٹلز میں مختلف شاپس اور کینٹین کے سلسلے میں یکساں پالیسی تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں پروفیسر ڈکٹر عابدہ طاہرانی کی سربراہی میں ایک 4رکنی کمیٹی بنائی گئی۔ کمیٹی اسٹوڈنس سینٹر، فیکلٹی سینٹرل کینٹین کے لیے مناسب عمارت کا تعین کرنے کے علاوہ کرایہ اور کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کے متعلق اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں