بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات مکمل قصور وار افسر بے نقاب

غفلت برتنے پر 600 میگا واٹ گدو پاور پلانٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر الیکٹریکل سوئچ یارڈ فائق حسین شاہ کو معطل کردیا گیا


ابتدائی رپورٹ میں ہی یہ بات سامنے آگئی تھی کہ بجلی کا ملک گیر بریک ڈاؤن گدو پاور پلانٹ کے اولڈ یونٹ میں غلط سوئچنگ سے پیدا ہوا (فوٹو : فائل)

بجلی کے ملک گیر بریک ڈاون کی انکوائری مکمل ہوگئی، فرانزک چھان بین میں قصور وار افسران بے نقاب ہو گئے، غفلت برتنے پر 600 میگا واٹ گدو پاور پلانٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر الیکٹریکل سوئچ یارڈ فائق حسین شاہ کو معطل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بجلی کے ملک گیر بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کے لیے سینٹرل پاور جنریشن کمپنی کی قائم کردہ کمیٹی نے تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی۔

انکوائری کمیٹی نے فرانزک شواہد اکٹھے کیے تو سی سی ٹی وی فوٹیج نے قصور وار افسر کو بے نقاب کردیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے انکوائری کمیٹی پر انکشاف ہوا کہ 600 میگاواٹ پاور پلانٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید فائق ڈائریکٹر الیکٹریکل سوئچ یارڈ فائق حسین شاہ حاضری لگا کر ڈیوٹی سے چلے گئے اور بریک ڈاؤن کے بعد اندھیرے میں واپس آئے۔

واپس آکر فائق حسین شاہ نے یہ ظاہر کرنے کہ کوشش کی کہ وہ موقع پر موجود ہیں لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج میں وہ بریک ڈاؤن کے بعد واپس آتے دیکھے گئے جس سے ڈپٹی ڈائریکٹر الیکٹریکل سوئچ یارڈ کی مجرمانہ غفلت ثابت ہوگئی۔

انکوائری کمیٹی کی سفارش پر چیف ایگزیکٹو گدو تھرمل پاور اسٹیشن حماد عامر ہاشمی نے ڈپٹی ڈائریکٹر کی معطلی کا آرڈر جاری کردیا۔ کمیٹی نے دو روز قبل ابتدائی تحقیقات کے بعد گدو پاور پلانٹ کے سات افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا تھا۔ ابتدائی رپورٹ میں ہی یہ بات سامنے آگئی تھی کہ بجلی کا ملک گیر بریک ڈاؤن گدو پاور پلانٹ کے اولڈ یونٹ میں غلط سوئچنگ سے پیدا ہوا۔

اب سینٹرل پاور جنریشن کمپنی کی قائم کردہ کمیٹی نے انکوائری مکمل کی تو اس میں ملنے والے فرانزک شواہد سے ڈپٹی ڈائریکٹر الیکٹریکل سوئچ یارڈ فائق حسین شاہ کی غفلت ثابت ہوگئی۔ یہ انکوائری رپورٹ وزارت توانائی کو بھجوا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بجلی کے ملک گیر بریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لیے این ٹی ڈی سی، وزارت توانائی نے بھی انکوائری کمیٹیاں بنائی ہیں تاہم ان تین سرکاری انکوائری کمیٹیوں کے علاوہ اس بریک ڈاؤن کی آزادانہ انکوائری بھی کروا ئی جارہی ہے لیکن سب سے پہلے سینٹرل پاور جنریشن کمپنی کی قائم کی گئی کمیٹی نے انکوائری مکمل کرکے ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں معطل کر دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں