جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی 14 سال بعد پاکستان آمد

جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی


آخری مرتبہ جنوبی افریقن ٹیم 2007 میں پاکستان آئی تھی فوٹو: ایکسپریس

DUBAI: جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 14 سال کے طویل وقفے کے بعد باہمی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی ہے۔

جنوبی افریقا کا 38 رکنی اسکواڈ خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا ہے۔ پروٹیز کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین کوانٹن ڈی کوک کررہے ہیں۔

جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔ سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 11، 13 اور 14 فروری کو ہوں گے۔



پروٹیز کھلاڑی اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کریں گے، جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ دورہ پاکستان کے دوران جنوبی افریقا کی ٹیم کو سرکاری مہمان کے مساوی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔



واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے، آخری مرتبہ جنوبی افریقا 2007 میں پاکستان آئی تھی تاہم دونوں ملکوں کے درمیان باہمی ہوتی رہی ہیں اور پاکستان نے جنوبی افریقا کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کی ہے۔ 1995 کے بعد سے لے کر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔ ان 11 میں سے 7 میں جنوبی افریقا جبکہ ایک میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔