سوتے میں کھانے کا مرض
اس نے سوتے میں خوب کھایا اور اپنا وزن بڑھالیا
سوتے میں کھانے کے مرض کو انگریزی میں Nocturnal Sleep-Related Eating Disorderکہتے ہیں جس کا مخفف NSRED ہے۔
ڈاکٹر اور ماہرین نفسیات مذکورہ بالا NSREDکا قریبی تعلق نائٹ ایٹنگ سینڈروم (NES)سے جوڑتے ہیں۔ لیکن ایک تھوڑا سا فرق ہے، وہ یہ کہ NES میں مبتلا لوگ وہ مکمل طور پر جاگے ہوئے ہوتے ہیں اور انہیں یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ رات کے اس وقت میں کیا کچھ کھاپی رہے ہیں۔جب کہ جو لوگ NSRED میں مبتلا ہیں، وہ اپنے کھانے پینے کے عمل سے بالکل بے خبر ہوتے ہیں، کیوں کہ وہ سورہے ہوتے ہیں اور اس بات سے مکمل طور پر بے خبر ہوتے ہیں کہ وہ کیا کررہے ہیں۔
اپنی خوراک کے استعمال اور اسے منتخب کرنے کے دوران NSRED میں مبتلا مریض اس حوالے سے دوسروں سے الگ ہوتے ہیں، کیوں کہ وہ عام طور سے گندے ہوتے ہیں یا خود اپنے آپ کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ایسے بعض مریض تو بے دُھلے ہاتھوں سے کھانا پینا کھاتے ہیں، جب کہ دیگر دوسرے اس خوراک کو برتنوں میں ہی کھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کی وجہ سے بعض اوقات متاثرہ افراد زخمی بھی ہوجاتے ہیں اور دوسروں کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
Anna Ryan نام کی مریضہ کو یہ معلوم تک نہیں تھا کہ وہ ڈیڑھ سال سے NSRED میں مبتلا ہے اور اسی باعث اس کا وزن 60پائونڈز (27کلوگرام) تک بڑھ گیا تھا۔ پھر اچانک ہی Anna Ryan کو یہ احساس ہوا کہ اس کے ساتھ کچھ نہ کچھ گڑبڑ ضرور ہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اچھی خوراک کھانے کے باوجود دن میں خود کو بہت تھکا ہوا محسوس کرتی تھی، حالاں کہ وہ رات بھر پرسکون اور بھرپور نیند لیتی تھی۔
چناں چہ وہ اپنے ڈاکٹرScott Eveloff سے ملی اور اسے بتایا کہ وہ خود کو ہمیشہ تھکا تھکا محسوس کرتی ہے، اسے ایسا لگتا ہے جیسے کسی نے اس کی ساری توانائی نچوڑ لی ہے۔ ڈاکٹر نے اس کی شکایت سن کر اسے مشورہ دیا کہ وہ نیند کے حوالے سے ہونے والی ایک سلیپ اسٹڈی میں شرکت کرے۔ چناں چہ Anna Ryan نے مجوزہ اسٹڈی میں شرکت کی تو اس پر یہ انکشاف ہوا کہ وہ راتوں میں جاگتی رہی ہے اور اسی حالت میں خوب کھاتی پیتی بھی رہی ہے۔