خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

جنگل میں جانور کا حملہ
رمیہ علی،لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اکیلی پتہ نہیں کہاں چلی جا رہی ہوں ۔ رات کا وقت ہے اور کافی اندھیرا سا ہے بلکہ یوں سمجھیں جیسے جنگل سا ہے۔ اچانک سامنے سے ایک جانور مجھ پر حملہ کرنے کے لئے میری طرف چھلانگ لگاتا ہے اور میں خوفزدہ ہو کہ وہیں پتھر بن جاتی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے مگر بہت دیر تک خوف کا شکار رہتی ہوں ۔ پلیز مجھے بتائیے کہ اس کی کیا تعبیر ہے ۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

چھت پر سانپ
صوفیہ بشیر، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی نانی کے گھر گئی ہوئی ہوں اور وہاں سیڑھیاں چڑھتی ہوئی اوپر والی منزل کی طرف جا رہی ہوں۔ اچانک میری نظر اوپر کی طرف جاتی ہے وہاں مجھے ایک بہت بڑا کالے رنگ کا سانپ دکھائی دیتا ہے جو چھت سے چمٹا ہوتا ہے۔ اس کو دیکھ کے میں بہت زیادہ خوفزدہ ہو جاتی ہوں کیونکہ تنگ سی سڑھیوں میں مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ مجھ پر گر جائے گا ۔ اس کے بعد مجھے نہیں یاد کہ وہ گرا یا نہیں اور میں نے کیا کیا ۔ شائد میری آنکھ کھل گئی ہو ۔ مجھے کچھ بھی یاد نہیں، مگر یہ جو حصہ مجھے یاد ہے وہ اسی خوفناک سانپ والا یاد ہے۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔

قرآن مجید کی تلاوت کرنا
حمید رضا علی، اسلام آباد

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی مجمعے یا جلسے نما جگہ پر ہوں اور پتہ نہیں شائد کسی کے کہنے پر یا خود ہی وہاں لوگوں کے سامنے کھڑا ہو کر قرآن پاک کی سورت کی تلاوت کرنے لگ جاتا ہوں ۔ وجہ مجھے نہیں پتہ کہ میں کیوں ادھر کھڑا ہو کر تلاوت کر رہا ہوتا ہوں مگر یہ یاد ہے کہ لوگ خاموشی سے سن رہے ہوتے ہیں ۔ جب میں تلاوت ختم کر کے اسٹیج سے نیچے اترتا ہوں تو وہاں ایک بزرگ بارعب سے چہرے والے مجھے گلے لگا کہ بہت پیار کرتے ہیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی۔ گھریلوو کاروباری معاملات میں دشمن پر فتح نصیب ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

خود کو بوڑھا دیکھنا
محمد اسلم، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک بوڑھا آدمی بن چکا ہوں اور کسی جگہ پہ خاندان کے مختلف افراد کے ساتھ بیٹھا ہوں ۔ سب لوگ میری خوب آو بھگت کر رہے ہیں اور بہت عزت و احترام سے پیش آ رہے ہیں۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل سے مرتبہ بلند ہو گا اور عزت و توقیر ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

فوت شدہ افراد کو شادی میں دیکھنا
انیسہ انصاری، سکھر

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی شادی میں گئی ہوئی ہوں ۔ وہاں کافی چمک دمک والا ماحول ہوتا ہے جیسے عام طور پر ہمارے معاشرے میں ہوتا ہے۔ وہیں مجھے عورتوں کے گروپ میں انتہائی خوش و خرم اپنی کچھ رشتے دار نظر آتی ہیں جو انتقال کر چکی ہیں ۔ وہ بھی انتہائی زرق برق لباس پہنے مٹھائی کے ڈبے لئے موجود ہوتی ہیں۔ مجھے اس کے بارے میں بتا دیجئے کہ یہ کیسی شادی تھی جس میں سب مرے ہوئے ہی لوگ تھے ۔

تعبیر : آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے ۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

زبردستی شادی پر لے جانا
راجہ بشیر، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک شادی پر ہوں جو کہ ہمارے کسی رشتے دار کی ہے۔ جہاں میں جانا نہیں چاہتا مگر میری بیوی زبردستی مجھے لے جاتی ہے۔ وہاں جانے سے پہلے ہمارے گھر میں بہت لڑائی ہوتی ہے۔ جب ہم لڑ جھگڑ کر شادی پر پہنچتے ہیں تو مجھے یہ دیکھ کے بہت حیرت ہوتی ہے کہ دلہن اور دولہا ہمارے وہ رشتے دار ہوتے ہیں جن کا آج سے کئی سال پہلے انتقال ہو چکا ہوتا ہے۔ وہ بہت خوش نظر آ رہے ہوتے ہیں۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوھر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے۔ جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پر صدقہ و خیرات بھی کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔