عالمی شہرت یافتہ اداکارہ و ماڈل صوفیہ ورگار

مویشی پال کی بیٹی دنیا کی مہنگی ترین اداکارہ کیسے بنی؟


Rana Naseem January 31, 2021
بے شمار کمپنیوں سے معاہدے اداکارہ کو امریکا کی بہترین ماڈل قرار دلوانے کی ایک دلیل ہیں۔ فوٹو: فائل

کہتے ہیں بڑی منزلوں کے حصول کے لئے خواب بھی بڑے ہونے چاہیں لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بڑی سے بڑی منزل کے حصول کے لئے پہلے ایک چھوٹا قدم ہی اٹھایا جاتا ہے۔

قدرت نے ہر انسان کو مختلف صلاحیتوں سے نوازا تاکہ وہ ان کے ذریعے اپنی منزلوں کو پا لے، لیکن ان صلاحیتوں کے ساتھ جہد مسلسل وہ کنجی ہے، جو ہر کامیابی کے تالے کو کھول سکتی ہے۔

زندگی کے ہر شعبہ کی تاریخ اٹھا کر دیکھی جائیں تو ہمیں معلوم ہو گا کہ ان شعبہ جات میں خود کو امرکرنے والی اکثر شخصیات جہد مسلسل سے ہی اس مقام کو پہنچیں، ان شخصیات نے سطحی مقام سے اپنا سفر شروع کیا اور پھر اپنی مستقل مزاجی کے باعث وہ بام عروج کو پہنچ گئے۔

ایسی ہی شخصیات میں ایک نام گزشتہ برس ابھر کر سامنے آیا، جس کا تعلق شوبز کی دنیا سے ہے اور وہ ہیں کولمبیئن نژاد امریکی اداکارہ و ماڈل صوفیہ ورگارا، جس نے اپنے فنی سفر کا آغاز بہت معمولی کاموں سے کیا، کبھی انہیں کسی اشتہاری مہم تو کبھی کسی ڈرامہ میں بہت مختصر کردار دیا گیا، لیکن پھر وقت بدلا اور صوفیہ کے جہد مسلسل نے انہیں دنیا کی مہنگی ترین اداکارہ بنا ڈالا۔

معروف کولمبین امریکن اداکارہ، کامیڈین، پروڈیوسر، ٹی وی ہوسٹ، ماڈل اور بزنس وومن صوفیہ ورگارا 10جولائی 1972ء کو کولمبیا میں پیدا ہوئیں۔ ان کی والدہ ایک گھریلو خاتون جبکہ والد گوشت انڈسٹری کے لئے مویشی پالتے تھے اور یہی ان کے گزربسر کا ذریعہ تھا۔ صوفیہ کو اس کے 5 بہن بھائیوں اور متعدد کزنز میں ان کے عرفی نام ٹوٹی سے پکارا جاتا تھا۔ اداکارہ نے نیشنل یونیورسٹی آف کولمبیا میں تین سال تک دندان سازی کی پڑھائی کی لیکن ڈگری کی تکمیل سے 2 سمسٹر قبل ہی انہوں نے اس پڑھائی کو خیرآباد کہ دیا کیوں کہ اپنے شوق اور معاشی حالات کے باعث وہ جلد از جلد کچھ کرنا چاہتی تھیں۔

ورگارا نے ابتدائی طور پر ماڈلنگ میں قسمت آزمائی کی، جس میں شائد انہیں وہ کامیابی حاصل نہ ہوئی، جس کی وہ توقع رکھتی تھیں۔ 1998ء میں امریکن ٹی وی کی مقبول ہوسٹ کے ساتھ ایک ایسا حادثہ پیش آیا، جس نے کولمبیا سے ان کا دل اُچاٹ کر دیا، ہوا کچھ یوں کہ صوفیہ کے بڑے بھائی رافیل گھر سے کسی کام کے لئے نکلے تو راستے میں وہ چند اغواء کاروں کے ہتھے چڑھ گئے، اس دوران رافیل نے مزاحمت کی تو اغواکار مشتعل ہو گئے اور انہوں نے گولی چلا دی، جس سے رافیل موقع پر ہی ڈھیر ہو گئے، اس حادثہ نے ورگارا کو شدید ذہنی دبائو کا شکار کر دیا اور نتیجتاً وہ کولمبیا سے فلوریڈا (امریکا) چلی گئیں، جہاں کچھ آرام کے بعد انہوں نے پھر سے اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا تو یوں محسوس ہوا کہ کامیابیاں شائد ان ہی کی راہ تک رہی تھیں۔

ورگارا کے فنی سفر کا آغاز کچھ ڈرامائی تھی، ایک روز یونہی وہ کولمبین ساحل پر واک کر رہی تھیں کہ ایک فوٹو گرافر کی ان پر نظر پڑی، جس پر اس نے صوفیہ سے ایک عام فوٹو شوٹ کی درخواست کی، جسے مستقبل کی معروف ماڈل نے قبول کر لیا، اس عام فوٹوشوٹ پر جب اس سے متعلقہ شعبہ کے افراد کی نظر پڑی تو وہ گرویدہ ہو گئے اور ورگارا کو باقاعدہ ماڈلنگ کی آفرز آنے لگیں۔ ماڈلنگ کے بعد جب انہیں ایک اشتہار میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تو وہ گھبرا گئیں لیکن ان کی ٹیچر نے صوفیہ کا حوصلہ بڑھایا تو وہ یہ کرنے پر راضی ہو گئیں۔

اداکارہ نے 17 برس کی عمر میں اپنا پہلا ٹی وی کمرشل بنوایا، جسے پسندیدگی کی سند عطا ہوئی، اس کے بعد صوفیہ نے کریٹیو ورکشاپس سکول آف ایکٹنگ میں باقاعدہ پڑھائی، جہاں انہیں اداکاری کی تربیت کے لئے بہترین اساتذہ کا ساتھ نصیب ہوا۔ چھوٹی سکرین پر اداکارہ کا سفر 1995ء میں ایک ٹی وی پروگرام سے ہوا، جس کے بعد انہوں نے متعدد ڈراموں میں بحیثیت اداکارہ اور پروگرامز میں بطور ہوسٹ کام کیا۔ فلم انڈسٹری کی بات کی جائے تو اداکارہ کی پہلی فلم Big Trouble تھی، جس میں انہیں نسبتاً ایک چھوٹا کردار دیا گیا، یوں کامیابیوں کا وہ سلسلہ شروع ہوا، جو آج تک جاری ہے۔ ''بگ ٹربل، فور برادرز، شیف، وائلڈ کارڈ، ہیپی فیٹ ٹو'' اداکارہ کی مشہور فلمیں جبکہ ''مائی وائف اینڈ کڈز، ڈانسنگ ودھ دی سٹارز، فیملی گائے، سیچرڈے نائیٹ لیو، ماڈرن فیملی'' معروف ٹی وی ڈرامے ہیں۔

بے شمار کمپنیوں سے معاہدے اداکارہ کو امریکا کی بہترین ماڈل قرار دلوانے کی ایک دلیل ہیں، ان معاہدوں سے وہ ککھ سے لکھ پتی بن گئیں۔ ورگارا کی نجی زندگی کی بات کی جائے تو انہوں نے صرف 18 برس کی عمر میں اپنے ایک سکول فیلو جُو گونزیلز سے شادی کی اور 1991ء میں وہ ایک بیٹے کی ماں بن گئیں، لیکن بدقسمتی سے میاں بیوی کے درمیان حالات اچھے نہیں تھے تو 1993ء میں ان کے درمیان طلاق ہو گئی۔ 2000ء میں صوفیہ کو گلے کے غدود کا کینسر لاحق ہو گیا، جس سے انہیں آپریشن کے بعد نجات حاصل ہو گئی، 2012ء میں نِک لوب سے ان کی دوستی کی پینگیں بڑھیں لیکن دو برس بعد ہی یہ تعلق بھی ٹوٹ گیا۔

فن کی دنیا میں سمیٹی کامیابیاں
صوفیہ نے پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز ماڈلنگ سے کیا لیکن جلد ہی وہ پہلے ٹیلی ویژن اور پھر فلمی دنیا کا چمکتا ستارہ بن گئیں۔ اداکارہ کی چھوٹی سکرین پر پہلی انٹری 1995ء میں نشر ہونے والی مختصر دورانیہ کی ڈرامہ سیریز Acapulco, cuerpo y alma سے ہوئی، جس میں انہیں نسبتاً ایک محدود کردار دیا گیا، جس کے بعد اسی برس انہوں نے Fuera de serie کے نام سے نشر ہونے والے ٹیلی ویژن پروگرام میں شریک میزبان کے فرائض سرانجام دیئے۔ 1999ء میں انہوں نے Baywatch کے نام سے ایک ایکشن ڈرامہ سیریز میں کام کیا، جس سے انہیں اپنی شناخت بنانے میں کافی مدد ملی۔

صوفیہ نے My Wife and Kids، Eve، The Knights of Prosperity، Men in Trees، Modern Family، Family Guy اور America's Got Talent سمیت 25 ٹیلی ویژن پروگرامز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ فلمی میدان میں اداکارہ کی شروعات کچھ اچھی نہیں تھی، انہوں نے اپنی فلم Big Trouble کے نام سے کی، جس سے انہیں زیادہ پذیرائی نہ مل سکی تاہم اگلے ہی برس یعنی 2003 میں انہیں Chasing Papi کے نام سے بننے والی فلم میں اہم کردار دیا گیا، جسے انہوں نے بخوبی نبھایا۔ صوفیہ کے ٹیلی ویژن پروگرامز کی طرح فلموں کی مجموعی تعداد بھی 25 ہے۔ فلم اور ٹی وی کے علاوہ وہ 2 میوزک ویڈیوز اور ایک تھیٹر میں بھی اپنے جوہر دکھا چکی ہیں۔

8 بار امریکی ٹیلی ویژن اور ایک بار (2020) دنیا کی مہنگی ترین اداکارہ کا اعزاز پانے والی صوفیہ کو Screen Actors Guild Awards، سے لے کر Golden Globe Awards، NAACP Image Awards، Kids' Choice Awards، Satellite Awards، ALMA Awards اور People's Choice Awards تک درجنوں ایوارڈز سے نوازا یا نامزد کیا گیا۔ وہ دو بار دنیا کی بااثر ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہو چکی ہیں۔

''ماڈرن فیملی''
2020ء میں دنیا کی مہنگی ترین اداکارہ قرار پانے والی صوفیہ ورگارا کے اس اعزاز میں سب سے نمایاں چیز امریکن براڈ کاسٹنگ کمپنی کے بینر تلے نشر ہونے والی مزاحیہ ڈرامہ سیریل ''ماڈرن فیملی'' ہے۔ اس ڈرامہ کی ہر قسط پر اداکارہ کو 5 لاکھ ڈالر ادا کئے گئے جبکہ اقساط کی مجموعی تعداد 18 تھی۔ اسی ڈرامہ سے حاصل ہونے والی مقبولیت کی وجہ سے ورگارا کو America's Got Talent نامی شو میں بحیثیت جج شامل کیا گیا، جس کا معاوضہ 10 ملین ڈالر تھا۔

ماڈرن فیملی معروف امریکی لکھاری و پروڈیوسر کرسٹوفر لیوڈ اور سٹیون لیویٹن کی پیش کش ہے، جس کا آغاز 2009ء میں ہوا۔ متنوع مزاج کی حامل تین فیملیز کے گرد گھومنے والے اس ڈرامہ کے اب تک 11 سیزن آ چکے ہیں۔ ماڈرن فیملی کا پہلا سیزن 23 ستمبر 2009ء سے 19 مئی 2010ء تک چلا اور اس کو دیکھنے والوں کی تعداد ساڑھے 9 ملین یعنی تقریباً ایک کروڑ تھی، اس کے بعد آنے والے ہر سیزن کے شائقین کی تعداد پچھلے سے زیادہ ہوتی چلی گئی۔ ماڈرن فیملی کے تیسرے ہی سیزن میں اس کو دیکھنے والوں کی تعداد 13ملین تک پہنچ گئی۔ ماڈرن فیملی بلاشبہ امریکی ٹی وی کا مقبول ڈرامہ ہے، جسے ہر عمر کے افراد نے پسندیدگی کی سند عطا کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں