جنوبی افریقا کی پاکستان آمد میں وزیراعظم اور پی سی بی کی کاوشیں شامل ہیں سفیر جنوبی افریقا

بنگلادیش، زمبابوئے، سری لنکا اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان نیک شگون ہے، ذاکر خان


Zulfiqar Baig February 04, 2021
بنگلادیش، زمبابوئے، سری لنکا اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان نیک شگون ہے، ذاکر خان

جنوبی افریقا کے سفیر میتھیو موزلے ماڈیکزا کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین رابطے بحال ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے ہمراہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے سفیر میتھیو موزلے ماڈیکزا نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ایک تاریخی اہمیت کا اسٹیڈیم ہے جہاں جنوبی افریقہ کے نامور کرکٹرز نے کئی ریکارڈز اپنے ملک کے نام کیے ہیں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد میں وزیراعظم عمران خان اور بورڈ کے سربراہ کی کاوشیں شامل ہیں۔

میتھیو موزلے ماڈیکزا کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی پاکستان کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے مداحوں کی تعداد میں اضافہ کریں گے، میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے ساتھ اپنی اورپاکستان کی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے راولپنڈی کرکٹ گراونڈ آیا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سمیت کئی نامور کھلاڑی میرے پسندیدہ ہیں، بطور سفیر پاکستانی قوم کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش ، زمبابوئے، سری لنکا اور اب جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کرکٹ کے لیئے نیک شگون ہے، ہم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ملک میں انٹریشنل کرکٹ کو بحال کریں گے اور اس میں ہم کامیاب ہوگے ہیں۔

ذاکر خان نے کہا کہ کرکٹ کی بحالی سے دیگر اسپورٹس کی بحالی بھی ممکن ہوتی ہے، جنوبی افریقہ کے سفیر کو کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی فول پروف سیکورٹی اور دیگر امور کے بارے اگاہی فراہم کی ہے، سیریز کے دوران کرکٹ بورڈ کے افیشلز سفارت خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں