ٹی 20 سیریز کرکٹرزٹارگٹ میچزسے لہوگرمانے لگے

بیٹسمینوں کو ہدف حاصل کرنے اور بولرز کو روکنے کا ٹاسک دیا گیا


Sports Reporter/Abbas Raza February 08, 2021
جنوبی افریقی کرکٹرز کی توجہ پاور ہٹنگ اور فیلڈنگ میں بہتری پر مرکوز

ٹی 20 سیریز کیلیے پاکستانی کرکٹرزٹارگٹ میچز سے لہو گرمانے لگے، بیٹسمینوں کو محدود اوورز میں ٹارگٹ حاصل کرنے اور بولرز کو روکنے کا ٹاسک دیا گیا، جنوبی افریقی کھلاڑی بھی نیٹس میں صلاحیتوں کو نکھارتے رہے، پاور ہٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں بہتری پر توجہ مرکوز رہی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز محمد یوسف اور ثقلین مشتاق کی نگرانی میں جاری ہے، تیسرے روز پاکستانی کرکٹرز نے روایتی نیٹ پریکٹس کے بجائے ٹارگٹ میچز کھیلے، بیٹسمینوں کی جوڑیاں بناکر انھیں محدود اوورز میں ہدف حاصل کرنے جبکہ بولرز کو اسے ناممکن بنانے کا ٹاسک دیا گیا، اس دوران بیٹسمینوں نے چوکوں، چھکوں کی برسات کے ساتھ سنگلز اور ڈبلز کی مدد سے اپنی فارم ثابت کرنے کی کوشش کی۔ محمد یوسف غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے۔

فاسٹ بولرز نے برق رفتار گیندوں، یارکرز اور باؤنسرز کے ہتھیاروں کا خوب استعمال کیا، اسپنرز گھومتی گیندوں سے ہدف ناممکن بنانے کیلیے کوشاں رہے۔ دوسری جانب حنیف محمد انکلوژر کے سامنے دونوں نیٹس میں جنوبی افریقی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئے، اس دوران پاور ہٹنگ پر خاص توجہ دی گئی، پروٹیز نے بھرپور فیلڈنگ پریکٹس بھی کی۔ پہلا ٹوئنٹی20 میچ 11 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں