گروو میرا نصیبو لال اور بے ہودگی کا الزام

جب آپ برانڈڈ بے سرا پن برداشت کرلیتے ہیں تو نصیبو لال کا ’’گروو میرا‘‘ بھی برداشت کرلیجیے


شاہد کاظمی February 12, 2021
نصیبو لال کو دیکھتے ہوئے آپ کو ’’گجرا وے‘‘ کا خیال آتا ہے تو یہ آپ کی اپنی سوچ کا قصور ہے۔ (فوٹو: فائل)

ہم تنقید کرنے والی قوم ہیں۔ ہم اصلاح کرنے کے بجائے تنقید کرتے ہوئے گزر جانے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔ ہماری آنکھوں، سماعتوں یا سوچ کو کچھ برا لگے تو ہم بلا تکان اس پر تنقید کریں گے اور کسی کا دل توڑتے ہوئے آگے بڑھ جائیں گے۔ ہم چوک میں لگی تصویر پر غلطی کا نشان لگانے جیسا کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی تصویر پر درستگی کا پیغام آجائے تو ہم کان کجھاتے ہوئے گزر جاتے ہیں۔ تنقید کرنا یقینی طور پر اہم ہے لیکن اس تنقید میں اصلاح کا پہلو نط ہو تو یہ مکمل طور پر منافقت پر مبنی ایک عمل ہے۔ کیوں کہ آپ کی تنقید اگر اصلاح نہیں لا سکتی تو یہ بے فائدہ ہے۔

اور ایسا ہی ہم نے نصیبو لال کے گانے کے حوالے سے کیا۔ پی ایس ایل کےلیے ان سے گائیکی کروائی گئی اور اس پر بے پناہ طنز بھی کیا گیا۔ اور نت نئے لطائف بھی مارکیٹ میں دیکھنے کو ملے۔ ہم نے نصیبو لال کو ایک انسان سمجھنا گوارا نہیں کیا، جس کے احساسات ہوسکتے ہیں۔ جس کے دل میں بھی یہ خیال ہوسکتا ہے کہ کوئی اس پر تنقید بھی کرے تو اس کی اصلاح مقصود ہو۔ اور ایک غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں اُس کی آنکھ کے آنسو بھی شاید بطور مجموعی ہماری معاشرتی بے حسی کو دھونے میں یکسر ناکام ہیں۔ اور ناکام ہی رہیں گے، کیوں کہ ہمارا تنقیدی کردار اصلاحی کردار بننے سے نہ صرف کوسوں دور ہے، بلکہ ہم اس حوالے سے کوشش بھی نہیں کرنا چاہ رہے۔

''گروو میرا'' پی ایس ایل 6 کا ترانہ ہے اور اس میں گلوکاری نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز نے کی ہے۔ اس حوالے سے ایک نئی بحث نے سوشل میڈیا پر جنم لیا۔ نصیبو لال کے حوالے سے ایک تنقیدی بحث شروع ہوگئی۔ ایک صارف کا پیغام نظر سے گزرا کہ نصیبو لال کو اس ترانے میں دیکھتے ہی ''گجرا وے'' کا خیال ذہن میں آیا۔ آپ کے قلوب و اذہان میں ایسا خیال آنے کا قصور آپ کا ہے، نصیبو کا تو نہیں۔

یہ بطور مجموعی ہمارے رویے ہیں جو ہمیں ایک قوم بننے میں نقصان پہنچاتے ہیں۔ اور ایسے رویے انفرادی شخصیات کا حوصلہ توڑنے کے حوالے سے بھی منفی کردار ادا کرتے ہیں۔ ''گروو میرا'' یقینی طور پر تمام پاکستانیوں کےلیے اہم ہے کہ پی ایس ایل اب ایک برانڈ بن چکا ہے۔ اور اس ترانے میں جہاں بہت سی اچھی چیزیں اگر ہوئیں تو ہوسکتا ہے کچھ خامیاں بھی رہ گئی ہوں۔ لیکن نصیبو لال کے اس ترانے میں کردار کو جس منفی انداز سے تختہ مشق بنالیا گیا، وہ انہتائی کرب ناک ہے۔ ہم کسی پر تنقید کرتے ہوئے اس کی ذات کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دیتے ہیں۔

اس ترانے کی ابتدا نصیبو لال نے کی اور اس میں وہ ایک نئی جہت میں نظر اس لیے آئیں کہ ان کا لباس ہو یا گائیکی کا انداز، وہ ان سے منسوب عام روش سے بالکل ہٹ کر تھا۔

عرض اتنی سی ہے کہ نصیبو لال کی آواز میں ہی دھمک سی ہے۔ اور یقینی طور پر وہ ایک بار پہلے بھی آنسوؤں کے ساتھ (شاید عدالت میں) اقرار کرچکی ہیں کہ پروڈیوسر انہیں جب گانے ہی لچر اور بے ہودہ گانے کو دیتے ہیں تو وہ کیا کریں۔ اور یقینی طور پر اس میں وہ حق بجانب بھی ہیں۔

آپ ایک لمحہ اندازہ لگائیے کہ ایک گلوکارہ ہے جو کوری اَن پڑھ ہے، اس کے پاس تعلیم نہیں ہے۔ اسے آپ جو گانے کو دیں گے وہ گا دے گی۔ اس کے پاس فیصلہ کرنے کی طاقت کی بھی کمی ہے تو پھر اس سے گلہ کس بات کا کہ اس نے بے ہودہ گانے گائے اور بے ہودہ شاعری ادا کی۔ ایسا گلہ ان سے کیجیے جنہوں نے اس سے یہ گانے گوائے ہیں۔ ایسے گانے لکھنے والوں کو بھی پکڑ میں لانا چاہیے تھا جنہوں نے اس سے گجرا وے جیسے فرضی شاہکار گوا ڈالے۔ اور پھر منجھی تلے ڈانگ ہو یا مسمیاں ہوں، ایسی ایسی بے ہودگی لکھی گئی کہ خدا کی پناہ۔ اور پھر سونے پر سہاگہ کہ یہ بے ہودگی چند ٹکوں کی خاطر موسیقی میں ڈھال بھی دی گئی۔

نصیبو اَن پڑھ تھی اور اس کی روزی روٹی بھی اس شعبے سے وابستہ ہوگئی تو پھر وہ کیوں کر انکار کرتی؟ اور ایسا ہی ہوا اس نے انکار بھی نہیں کیا۔ اور اس کے البم پر البم سطحی معاشرے میں ہٹ ہوتے گئے۔ لوگ سننا ہی اگر بے ہودگی چاہتے تھے تو پھر نصیبو کا قصور کیا تھا اس میں؟ اور رہی سہی کسر اسٹیج ڈراموں نے پوری کردی۔ اسٹیح ڈرامہ آپ ایک گھنٹے کا چلائیں یا دو گھنٹوں کا، لوگ صرف رقص دیکھنے آنے لگے اور پروڈیوسر نے پیسے پورے کرنے کےلیے نصیبو سے بے ہودہ شاعری گوائی اور لوگوں سے واہ واہ کے ساتھ پیسے بھی سمیٹے۔ ایک اَن پڑھ گلوکارہ جو ایک دم سے بڑی اسکرین پر آگئی وہ اس لیے بنا سوچے سمجھے سب گاتی گئی کہ اس کی زندگی کی گاڑی بہتر چلنا شروع ہوگئی۔ ہم قصوروار صرف نصیبو لال کو ٹھہراتے رہے لیکن ہم نے شاعری لکھنے والے کو، اس شاعری کو موسیقی میں ڈھالنے والے کو اور سب سے بڑھ کر اس پروڈیوسر کو نہیں پکڑا جو نصیبو لال کی آواز کو کیش کرواتے رہے اور اپنی جیبیں بھرتے رہے۔

عابدہ پروین صوفی گائیکی میں ایک لیجنڈ ہیں۔ ان کی آواز کا جائزہ لیجیے۔ آپ نصیبو کو بھی گانے کےلیے صوفیانہ کلام دیں اور پانچ دس سال میں آپ پھر خود کہہ رہے ہوں گے کہ اس کی آواز نے کمال کر ڈالا۔ ڈاکٹر معصومہ انور کی آواز اکثر سننے کو ملتی ہے۔ ان کی آواز کی گونج ایک لمحہ محسوس کیجیے، اگر نصیبو لال کی بھی باقاعدہ تربیت ہو اور اسے گانے کو اچھی شاعری ملتی تو اس کی آواز میں بھی کوئی کمی نہیں تھی۔ لیکن اس سے ہم نے گوائی ہی بے ہودگی۔ اور اب شومئی قسمت اس کے نصیب میں پی ایس ایل 6 کے آفیشل گانے ''گروو میرا'' کی صورت میں ایک اچھا پراجیکٹ آ ہی گیا ہے تو خدارا اس کو نصیبو کےلیے ایک اچھا آغاز ثابت ہونے دیجیے۔ آپ اس کی آواز کو گجرا وے کے ساتھ منسوب کرنا چھوڑ دیجیے اور اس گلوکارہ پر رحم کردیجیے۔

آپ نصیبو لال کو اچھے پراجیکٹس دیجیے۔ اس کو اچھی شاعری دیجیے۔ یہ اپنی آواز سے ایسا کمال کردے گی کہ بہت جلد اچھی گلوکاراؤں میں اپنا شمار کروا لے گی۔ نجانے کس کس اسٹوڈیو کے نام پر عوام کی سمع خراشی کی جارہی ہے تو نصیبو لال کی آواز میں تو بہرحال پھر بھی ایک کشش موجود ہے۔ جب آپ برانڈڈ سمع خراشی برداشت کرلیتے ہیں تو نصیبو لال کا ''گروو میرا'' بھی برداشت کرلیجیے کہ یہ گلوکارہ حقیقتاً صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں