آزادانہ ٹیکس پالیسی یونٹ  ٹی پی یو کے قیام کی منظوری

ٹی پی یو کی تشکیل سے حکومت کا مقصد ٹیکسیشن گورننس میں بہتری لانا ہے۔


Salman Siddiqui February 12, 2021
آزادانہ ٹیکس پالیسی یونٹ ( ٹی پی یو)کے قیام کی منظوری

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک آزادانہ ٹیکس پالیسی یونٹ ( ٹی پی یو)کے قیام کی منظوری دیدی۔

ٹی پی یو ٹیکس سسٹم میں ریونیو لیکیج کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکسوں کی شرح سے متعلق سفارشات اور زیادہ ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے اقدامات تجویز کرے گا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیکس پالیسی یونٹ کے قیام کی منظوری گذشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے زیرصدارت ایف بی آر کے صدر دفتر میں منعقدہ اجلاس میں دی گئی۔ یہ ایف بی آر پالیسی بورڈ کا پانچواں اجلاس تھا۔ ٹی پی یو کے قیام کے بعد ٹیکسیشن کے لیے پالیسی سازی کے اختیارات جزوی طور پر ایف بی آر سے اس یونٹ کو منتقل ہوجائیں گے۔

ٹی پی یو وزارت خزانہ ( فنانس ڈویژن) کے ماتحت کام کرے گا اور وزارت خزانہ کو رپورٹ کرے گا۔ ٹی پی یو کے بورڈ ممبران کا انتخاب مختلف شعبوں بشمول پرائیویٹ سیکٹر، ایف بی آر کے افسران، ماہرین تعلیم، تھنک ٹینکس، اقتصادی و مالیاتی امور کے ماہرین اور سرکاری اہلکاروں میں سے کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے ایک ذریعے نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی پی یو میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے اور یہ ٹیکسیشن گورننس اور ریونیو کوبہتر بنانے کے لیے متوازن سفارشات تجویز کرے گا۔ ٹی پی یو کی تشکیل کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ اس مقصد کے لیے سمری جلد ہی کابینہ کو بھیج دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں