شائقین پی ایس ایل کے آغاز پرخوشی سے سرشار

سماجی فاصلے اور ایس او پیز پر عمل کرایاگیا،ٹمپریچر چیک کرنے سے گریز


Zubair Nazeer Khan February 21, 2021
سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے،فضا میں ہیلی کاپٹرکی پرواز۔ فوٹو : فائل

پی ایس ایل 6کے افتتاحی میچ کیلیے محدود تعداد میں آنے والے شائقین بھی خوشی سے سرشار نظر آئے۔

تماشائی محدود تعداد میں بھی پی ایس ایل میچ دیکھنے کی اجازت ملنے پر بہت خوش دکھائی دیے،شائقین دوپہر ڈھائی بجے سے ہی اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہو گئے تھے، داخلے کے لیے قومی شناختی کارڈ دکھانا لازمی قرار دیا گیا تھا، کھلاڑیوں کی بڑی تصاویر کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا گیا، تماشائیوں نے بیٹنگ کے لیے آمد پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کرس گیل کا تالیاں بجا کر خیر مقدم کیا۔

دوران بیٹنگ ویسٹ انڈین اسٹار کی جانب سے نوجوان بیٹسمین صائم ایوب کی حوصلہ افزائی کو بھی سراہا گیا،چاچا ٹی ٹوئنٹی، ماما ٹی ٹوئنٹی اور ماما پاکستان اپنے منفرد انداز میں پاکستان اور کرکٹ کے حق میں نعرے بازی کرتے نظر آئے۔

اسلام آباد سے آئے بابر اعظم کے مداح نے اپنے جسم پر قومی کپتان کا نام پینٹ کر رکھا تھا، تماشائیوں کو سماجی فاصلے اور ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے رضا کاروں کاگروپ سرگرم نظر آیا، انھیں پروٹوکولز پر عمل کرنے کی بار بار تاکید کی جاتی رہی، ماسک اتارنے والے تماشائیوں کو وارننگ دی گئی، 2افراد یا ہر گروپ کے درمیان 2 نشستوں کا فاصلہ رکھا گیا تھا، دو قطاروں کے درمیان ایک خالی کرسی رکھی گئی مگر حیران کن طور پر اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے افراد کی کا ٹمپریچر چیک نہیں کیا گیا۔

میچ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین چانتظامات کیے گئے تھے،ماسٹر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے اسٹیڈیم اور اطراف میں نصب 104 کیمروں سے مسلسل نگرانی کی جاتی رہی، افتتاحی تقریب سے قبل کمانڈوز نے ریسکیو مشق کی، سیکیورٹی کی ذمہ داری ادا کرنے والا ہیلی کاپٹر نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف میں نچلی پرواز کرکے صورتحال کا جائزہ لیتا رہا، اسٹیڈیم میں رولر اسکیٹنگ کرنے والے تعینات مرد اور خواتین محافظ توجہ کا مرکز رہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں