جامع شیخ الاسلامعرب وعجم کے اسلامی فن تعمیر کی شاہکار مسجد

ماڈل ٹاؤن لاہورمیں واقع مسجد اپنی وسعت کے اعتبار سے توبڑی نہیں لیکن خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے


آصف محمود February 24, 2021
مسجد سے متصل 37 ہزار کتابوں پرمشتمل ریفرنس لائبریری بھی ہے فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: ماڈل ٹاؤن کی جامع شیخ الاسلام ترکی،مراکش،ایرانی اورعربی فن تعمیرکا حسین مجموعہ اور اسلامی فن تعمیرکی شاہکار ہے۔

لاہورکے علاقہ ماڈل ٹاؤن میں 33 سال پرانی مسجد کی ۤآرائش وتزئین کی گئی ہے،جامع شیخ الاسلام ترکی،مراکش،ایرانی اور عربی فن تعمیرکا حسین مجموعہ ہے،اس کی خوبصورتی اوربناوٹ میں عرب وعجم کی جھلک دکھائی دیتی ہے،مسجد کے دروازے ،مسجد نبوی کے مرکزی دروازے سے مشابہہ ہیں،جامعہ شیخ اسلام پہلی مسجد ہے جس کے ساتھ 37 ہزارکتابوں پرمشتمل ریفرنس لائبریری بھی موجود ہے۔



جامع شیخ الاسلام کے خطیب رانامحمد ادریس نے کہتے ہیں اس مسجد کا پرانا نام جامع منہاج القرآن تھا، نمازیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور جدیدسہولتوں کا مدنظررکھتے ہوئے مسجد میں توسیع اورآرائش وتزئین کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تین سال قبل یہاں آرائش وتزئین شروع ہوئی جواب مکمل ہوگئی ہے، نو تعمیر شدہ جامع شیخ الاسلام کو تحریک منہاج القرآن کے بانی وسرپرست ڈاکٹرطاہرالقادری سے موسوم کیاگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسجد کے ویسے تومختلف قرآنی آیات کنندہ ہیں تاہم سورۃ محمدﷺ کو خاص اندازمیں تحریر کیاگیا ہے۔



اس مسجد کی آرائش وتزئین تحریک منہاج القرآن نے کروائی ہے، منہاج القرآن کے مرکزی ترجمان نوراللہ صدیقی کہتے ہیں یہ مسجد ڈاکٹرطاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پرتیارکی گئی ہے، ڈاکٹرطاہرالقادری نے عرب و عجم کے سفر میں جا بجا ذوقِ جمالیت کے کمال کو چھوتی ہوئی مرصّع و منقّش مساجد کو اپنے ذہن کی تختی پر مرتسم کیا۔ آج ان کا یہی ذوقِ جمال جامع شیخ الاسلام کی شکل میں ماحول کو پُرنور بنائے ہوئے ہے۔



جامع شیخ الاسلام عربی،ترکی، مراکشی،سمرقند و بخارا اور ایرانی تعمیراتی تہذیب و ثقافت کے شاہکار اپنے اندر سموئے ہوئے ہے اور قدیم و جدید اسلامی فنِ تعمیر کے حسین و جمیل نظاروں اور شہ پاروں کے خوش رنگ گلدستے کی جامع ہے۔



نوراللہ صدیقی کے مطابق جامع شیخ الاسلام کے ڈیزائن کی تیاری سے لے کر تزئین و آرائش اور نقش نگاری کے حوالے سے کسی پیشہ ورانہ فرم یا ماہرین کی اجرتی خدمات حاصل نہیں کی گئیں۔جامع کی زینت و زیبائش میں مکمل طور پر ہاتھ سے بنی منقش ٹائلز استعمال کی گئی ہیں، گنبدکے ڈیزائن،سٹین گلاس الماریوں اورخطاطی کے حوالے سے خطاطِ مسجد نبوی استاد شفیق الزمان نے اپنی خداداد صلاحیتوں سے نوازا۔ جامع کو دلکش اور خوبصورت بنانے کیلئے مسجد نبوی میں خدمات انجام دینے والے نقش و نگار کے ماہرین اور نیشنل کالج آف آرٹس کے معروف ڈیزائنرز نے بھی اس کارِ خیر میں حصہ لیا۔



جامع شیخ الاسلام کی ایک انفرادیت یہ بھی ہے کہ آرائشی ٹائلز کے ڈیزائن سے لے کر جاذب نظر محرابوں، دیواروں پر کنندہ آیاتِ قرآنی، لوحِ قرآنی، اسماء الحسنیٰ اور اسمائے محمد ﷺکی نقش و نگاری سے لے کر اس میں استعمال ہونے والے رنگوں کے انتخاب تک تمام مراحل کو انسانی ہاتھوں سے سینچا گیا ہے۔



مسجد کے 3 اطراف میں نصب دروازے مسجد نبوی کے مرکزی دروازے بنانے والے ماہرین سے تیار کروائے گئے ہیں جبکہ یہ پہلی مسجد ہے جس سے متصل 37 ہزار کتابوں پرمشتمل ریفرنس لائبریری بھی ہے جہاں طلبا وطالبات تحقیق ومطالعہ کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں