چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بھی بڑا اپ سیٹ ہونے کا امکان

نتائج کے بعد سینیٹ کی نئی پارٹی پوزیشن کے مطابق 100 ارکان کے ایوان بالا میں کل جماعتوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے


ثاقب ورک March 03, 2021
سینیٹ انتخابات کے نتائج کے بعد ایوان بالا میں سیاسی جماعتوں کی عددی نمائندگی سامنے آگئی (فوٹو، فائل)

NASEERABAD: وفاق اور صوبوں میں سینیٹ انتخابات کے نتائج مکمل ہونے کے بعد نئی پارٹی پوزیشن سامنے آگئی ہے جس کے بعد سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب میں بھی بڑا اپ سیٹ ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

ایوان بالا میں پاکستان تحریک انصاف 26 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے، پیپلزپارٹی دوسری ، مسلم لیگ ن تیسری جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی چوتھی بڑی جماعت بن گئی۔ سنیٹ میں نئی پارٹی پوزیشن کے مطابق حکمران اتحاد کو کل 47ارکان جبکہ اپوزیشن اتحاد کوسینٹ میں53 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی، سنیٹ چئیرمین شپ کے لیے صادق سنجرانی اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان بڑا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

سنیٹ انتخابات 2021 کے غیر حتمی نتائج کے بعد سینیٹ کی نئی پارٹی پوزیشن کے مطابق 100 ارکان کے ایوان بالا میں کل جماعتوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ان جماعتوں میں پاکستان تحریک انصاف نے ایوان بالا میں 18 نئی نشستیں حاصل کرلیں جس کے بعد ان کی کل 26 نشستیں ہوگئیں، پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا سے 10، پنجاب سے 5، سندھ سے 2 جبکہ اسلام آباد سے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان پیپلزپارٹی سنیٹ میں 8 نئی نشستیں جیت گئی، 7 نشستوں پر سندھ جبکہ 1 نشست پر اسلام آباد سے کام یابی حاصل کی اس طرح پیپلزپارٹی 20 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی دوسری بڑی جماعت بن گئی۔

مسلم لیگ ن نے پنجاب سے 5 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ ن سنیٹ میں 18 نشستوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی 6 نئی نشستیں جیت کر ایوان بالا میں 12 نشستوں کے ساتھ چوتھی بڑی جماعت بن گئی، اسکے علاوہ سنیٹ میں 2 نئے آزاد ارکان آنے سے تعداد ان کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: سینیٹ الیکشن میں حکومتی ووٹ اِدھراُدھر ہونے کی تفصیلات سامنے آگئیں

جمعیت علمائے اسلام نے بلوچستان سے 2 جبکہ خیبر پختونخوا سے 1 نشست پر کامیابی حاصل کی اور سینیٹ می تین نئی نشستوں کے ساتھ جے یو آئی کے ارکان کی تعداد 5 ہوگئی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ سے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جس کے بعد ایوان بالا میں اس کے نمائندوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ایوان بالا میں نیشنل پارٹی،اے این پی اور پی کے میپ کی دو دو نشستیں ہو گئیں۔ مسلم لیگ ق،مسلم لیگ فنکشنل، جماعت اسلامی اور بی این پی مینگل کی سینٹ میں ایک ایک نشست ہوگئی۔

سینیٹ انتخابات 2021 کے بعد پاکستان تحریک انصاف، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ ق اور 4 آزاد ارکان کی حمایت پر مشتمل حکومتی اتحاد کو 47 ارکان جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، جمیعت علمائے اسلام، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، بی این پی، اے این پی جماعت اسلامی اور 2 آزاد ارکان کی حمایت پر مشتمل اپوزیشن ارکان کی تعداد 53 ہوگئی ہے۔

ایسی صورت میں حکومت و اپوزیشن دونوں اپنا چیئرمین سنیٹ لانے کی کوشش کریں گی، حکومت کی جانب سے اگر صادق سنجرانی امیدوار ہوئے تو پھر بھی اپوزیشن کے پاس 50 ووٹ ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار کی سنیٹ رکنیت معطل ہے، جماعت اسلامی کا اپنی ایک نشست پر غیر جانبدار رہنے کا امکان ہے جبکہ اے این پی کے بلوچستان سے منتخب سنیٹرعمر فاروق چئیرمین سنیٹ کے لیے صادق سنجرانی کو ووٹ دے سکتے ہیں کیونکہ بلوچستان میں اے این پی کا اتحاد صادق سنجرانی کی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔

پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کی نسبت سینٹ الیکشن پر واضح موقف رکھنے والی پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی سے گیم میں مکمل داخل ہوچکی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی اپنے امیدوار کا نام پی ڈی ایم کے سامنے رکھے گی اور یوسف رضا گیلانی پر اتفاق رائے ہونے کی صورت میں متفقہ امیدوار کا اعلان بھی ہوگا جبکہ ڈپٹی چیئرمین کے لئے اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن یا جے یو آئی کے ساتھ مشاورت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں