اُفّصبح اٹھتے ہی سر درد

سر درد کی غیرمتوقع وجوہات اور ان سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔


Rana Naseem March 14, 2021
سر درد کی غیرمتوقع وجوہات اور ان سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔ فوٹو: فائل

بلاشبہ قدرت نے انسان کو بیش بہا اور انمول نعمتوں سے نوازا ہے، لیکن اگر ان تمام نعمتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو ہمیں معلوم ہو گا کہ ایمان کے بعد سب سے عظیم نعمت صحت و تندرستی ہے۔ اسی لئے کہا جاتا ہے کہ اس نعمت سے لاپروائی برتنا انسان کے شایانِ شان نہیں۔

حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ ''دو نعمتیں ایسی ہیں جن کے بارے میں بہت سے لوگ دھوکا کھاتے ہیں، ایک صحت اور دوسری فراغت'' یعنی انسان ان دونوں نعمتوں کی قدر نہیں کرتا اور بلآخر نقصان اٹھاتا ہے۔

قدرت نے جتنی محبت اور منصوبہ بندی انسان کو صحت مند رکھنے کے لئے کی، اتنی شائد پوری کائنات کے لئے نہیں کی۔ انسانی جسم کے اندرونی نظام کا اگر جائزہ لیا جائے تو عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ ایک بچہ جب دنیا میں آتا ہے تو وہ اپنے ساتھ ہزاروں بیماریاں لے کر آتا ہے لیکن قدرت کی عطا کردہ قوت مدافعت ان بیماریوں کے سامنے ڈھال بن کر کھڑی ہو جاتی ہے۔ یوں ہی ایک اور حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے '' تم میں سے جس نے اس حال میں صبح کی کہ اس کا جسم صیحح و سلامت ہو۔

اس کی جان امن و امان میں ہو اور اس دن کا کھانا بھی اس کے پاس ہو تو گویا اس کے لئے دنیا اکٹھی ہو گئی'' اور یہی چیز ہماری آج کی تحریر کا موضوع ہے۔ ہم میں سے بہت سے لوگ صبح اٹھتے ہیں تو انہیں اچانک سے ایک ایسی مصیبت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کی انہیں سونے سے قبل توقع تک نہیں ہوتی اور وہ ہے سردرد۔ جب آپ صبح سردرد کے ساتھ اٹھتے ہیں تو آپ کا سارا دن برباد ہو جاتا ہے، کیوں کہ پھر کھانے کو دل کرتا ہے نہ کام کرنے کو، یوں سارا دن صائع ہو جاتا ہے۔ اس سردرد کی غیرمتوقع وجوہات کیا ہوتی ہیں اور ان سے کیسے نمٹا جا سکتا ہے؟ ان سوالات کے جوابات کے لئے یہاں ہم معروف طبی ماہرین اور تحقیقاتی اداروں کی آرا کی روشنی میں ایسی چند وجوہات بیان کرنے جا رہے ہیں، جن سے صبح سویرے اٹھتے ہی سردرد محسوس ہوتا ہے اور آپ اس صورت حال سے کیسے خود کو بچا سکتے ہیں۔

سونے کا مقررہ وقت
امریکی مائیگرین فائونڈیشن کا کہنا ہے کہ اپنے سونے کے دورانیہ کو متناسب رکھیں، کیوں کہ کم یا بہت زیادہ سونے سے آپ آدھے سر کے درد جیسی بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں۔ مائیگرین (درد شقیقہ) یعنی آدھے سر کا درد وہ بیماری ہے، جو نیند کو بھی برباد کرتی ہے۔ لہذا یہ نہایت ضروری ہے کہ آپ سونے اور جاگنے کے وقت کو پہلے طے کریں اور پھر اس پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

الکوحل کا استعمال
بلاشبہ رات کو الکوحل کا بہت زیادہ استعمال آپ کی صبح کو برباد کر سکتا ہے۔ امریکی نیشنل ہیڈک فائونڈیشن کے مطابق الکوحل خون کی نالیوں کو تنگ کرتا ہے، جس کا نتیجہ شدید سردرد کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔ لہذا سنٹر برائے ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق جو لوگ الکوحل استعمال کرتے ہیں، وہ حد سے تجاوز نہ کریں۔

سونے کی حالت
ہارورڈ میڈیکل سکول، بوسٹن کی مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نیڈا ملوسولجوک بتاتی ہیں کہ سونے کی غیرمعمولی یا عجیب حالت کی وجہ سے سر کے پٹھوں اور گلے پر دبائو بڑھتا ہے، جس کے لازمی اثرات سردرد کی صورت میں برآمد ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی سہارے کے ساتھ مناسب حالت میں سونا صبح کو اٹھتے ہوئے سردرد کے امکان کو کم کرنے میں نہایت معاون ہے، لہذا سونے کے لئے ایسے تکیہ کا استعمال کریں، جو سونے کی کسی بھی حالت میں آپ کا معاون ثابت ہو۔

بے جا تفکرات
خود کو ہمیشہ پرسکون رکھنے کی کوشش کریں، اپنی سوچوں کو اضطراب کا باعث نہ بننے دیں۔ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی معروف فیملی نرس پریکٹیشنر اینا موریسن کا کہنا ہے کہ رات کو سوتے وقت ذہن پر سوار تفکرات کی وجہ سے ذہنی اضطراب یا تنائو کا شکار ہونے سے آپ کی صبح برباد ہو سکتی ہے، کیوں کہ یہ اضطراب دماغی رگوں میں کھچائو پیدا کرتا ہے۔ لہذا ان حالات سے دوچار ہونے کے بعد آپ نہ صرف صبح سردرد کے ساتھ اٹھیں گے بلکہ آپ کو دیگر طبی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اینا کا کہنا ہے کہ اگر آپ ذہنی تنائو کی وجہ سے صبح سردرد لے کر اٹھتے ہیں تو اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ آپ رات کو سونے سے پہلے کچھ وقت کے لئے لمبے لمبے سانس لیں یا مراقبہ کریں اور اسی طرح صبح اٹھتے ہی تقریباً 10 منٹ کے لئے خود کو مراقبہ کی حالت میں رکھیں، یعنی خود کو پرسکون بنانے کے لئے آنکھیں بند کرکے آرام سے بیٹھ جائیں۔ چند روز کی یہ مشق آپ کو ذہنی تنائو اور نتیجتاً صبح اٹھتے وقت سردرد جیسے مسئلہ سے نجات دلا سکتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر
ہائی بلڈ پریشر وہ مرض ہے، جس کی وجہ سے صرف سردرد ہی نہیں بلکہ دیگر مسائل بھی جنم لیتے ہیں لیکن یہاں چوں کہ ہم صرف سردرد کی بات کر رہے ہیں تو ہائی بلڈ پریشر کو بھی اسی ضمن میں پرکھا جائے گا۔ امریکی ریاست شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی معروف ریڈی ایشن آن کالوجسٹ ملوا ای بینگھم کہتی ہیںکہ ہائی بلڈ پریشر کے بارے میں پہلے تو بہت سارے لوگ ناواقف ہی رہتے ہیں تاہم جب متعدد علامات ظاہر ہونے لگتی ہے تو پھر لوگ اس کی طرف دھیان دیتے ہیں۔ ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے سر میں شدید درد ایک عام بات ہے لیکن اس بیماری کی وجہ سے بات صرف سردرد تک نہیں رکتی بلکہ یہ آنکھوں کی بینائی کو بھی متاثر کرتی ہے۔ لہذا صبح اٹھتے ہی مسلسل سردرد کو سنجیدگی سے لیا جائے اور فوری طور پر کسی معالج سے رجوع کریں۔

ڈپریشن
ڈاکٹر ملوا ای بینگھم کے مطابق ڈپریشن آپ کی نیند کو برباد کر سکتا ہے اور نتیجتاً آپ سردرد کا شکار ہو سکتے ہیں۔ لہذا ڈپریشن کی وجہ سے ہونے والے سردرد سے بچنے کے لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ آپ اپنے معالج کی تجاویز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے ڈپریشن سے بچیں۔ بینگھم مزید کہتی ہیں کہ ''میں ہمیشہ اپنے مریضوںکو یہ درخواست کرتی ہوں کہ وہ تمباکو نوشی، الکوحل اور زندگی کی مشکلات سے پیدا ہونے والے دبائو سے بچیں، کیوں کہ یہ چیزیں آپ کی صرف نیند نہیں بلکہ پوری زندگی کو برباد کر دیتی ہیں۔''

دانت پیسنا
امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے معروف ڈینٹسٹ ڈاکٹر رونالڈ روزینتھل بتاتے ہیں کہ دانتوں کو پیسنا، رگڑنا یہ انہیں زور سے دبانا ایسی عادات ہیں، جن کی وجہ سے سردرد ہوتا ہے، کیوں کہ ایسا کرنے سے جسم کے پٹھے ہر وقت حرکت میں رہتے ہیں اور ان پر زیادہ دبائو بڑھتا ہے، جس کا نتیجہ سب سے پہلے سردرد کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ لہذا دانت پیسنے کی عادت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے فوری طور پر اپنے معالج سے رجوع کریں۔

سوتے ہوئے بار بار سانس رکنا
طبی ماہرین کا اس امر پر اتفاق ہے کہ رات کو سوتے وقت سانس کا رکنا جیسی بیماری کا شکار کوئی بھی شخص صبح سردرد کی شکایت کر سکتا ہے، جس کی وجہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کی زیادتی ہے، جو دوران نیند بار بار سانس رکنے سے پیدا ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق دوران نیند بار بار سانس رکنے کی شکایت پر فوری طور پر اس کے علاج پر توجہ دی جائے، کیوں کہ ایک بیماری دوسری بیماری کا شاخسانہ ہو سکتی ہے۔

کیفین کا اخراج
امریکی مائیگرین انسٹی ٹیوٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر جوناتھن کیبن کا کہنا ہے کہ حیران کن طور پر رات کو سوتے وقت جسم سے کیفین کا اخراج صبح شدید سردرد کا باعث بن سکتا ہے۔ ہمارا جسم سارا دن چائے یا کافی سمیت مختلف مشروبات سے کیفین حاصل کرتا ہے، جو زیادتی کے باعث رات کو سوتے وقت جسم سے خارج ہوتا ہے اور اسی اخراج کے عمل کی وجہ سے سر میں درد ہوتا ہے، لہذا ایسے مشروبات کے استعمال میں کمی لائی جائے، جن میں زیادہ مقدار میں کیفین پائی جاتی ہے۔

دوران نیند شدید سردرد
ڈاکٹر جوناتھن کیبن کا کہنا ہے سونے کے دوران اگر آپ شدید سر درد کے باعث جاگ جاتے ہیں تو اس کو کبھی بھی ہلکا مت لیں، اس علامت کو نہایت سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر اپنے معالج سے رجوع کریں، کیوں کہ ایک خطرناک علامت ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ذہن پر سوار بے جا پریشانیاں یا پٹھوں کی کمزوری کے باعث غیرمعمولی وقت پر ہونے والا شدید سردرد زندگی کو خطرات لاحق کر سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں