قومی ویمنز فٹبال چیمپئن شپ

غیرملکی پلیئرز کی شرکت سے نئی تاریخ رقم


Zubair Nazeer Khan March 14, 2021
غیرملکی پلیئرز کی شرکت سے نئی تاریخ رقم۔ فوٹو: فائل

کرکٹ کو ملک میں بہت مقبولیت حاصل، ہاکی مسلسل زوال پذیر ہے، دوسری جانب فٹبال کا کھیل عوام میں مقبول ہونے کے باجود تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے،باہمی محاذ آرائی کے سبب عالمی تنظیم فیفا کو پی ایف ایف کے معاملات میں مداخلت کرنا پڑی اور اب نارملائزیشن کمیٹی ملک میں فٹبال کے لیے کام کررہی ہے۔


کراچی میں جاری قومی ویمنز چیمپئن شپ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے،طویل عرصہ بعد سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں، اس ایونٹ کے ساتھ ہی پاکستان میں کھیلوں میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، چیمئین شپ میں غیرملکی پروفیشنل خواتین فٹبالرز بھی ایکشن میں ہیں، نیپال کی 4پلیئرز 3 اپریل تک کھیلی جانے والے قومی ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں، انیتا گیسی، سارو لیمینو، گیتا رانا اور انجیلا ماشا یونائیٹیڈ کی نمائندگی کر رہی ہیں۔


کے ایم سی اور کے پی ٹی اسٹیڈیم پر شیڈول چیمپئن شپ کیلئے ملک بھر سے شریک 20 ٹیموں کو 5 گروپس میں تقسیم کیاگیاہے،ایونٹ میں پہلے دن ہی گولز کے انبار لگ گئے، ماشا یونائیٹڈ نے سیالکوٹ ویمن ایف سی کو 19 گول سے ہرایا،نیپال کی سارو لیمبو نے 10 گول داغے جبکہ ان کی ہموطن انیتا کیسی نے 6 مرتبہ گیند کو جال میں ڈالا۔


کراچی یونائیٹڈ نے بھی کراچی ویمنز ایف سی کو 19 گول سے مات دی،زلیفہ نذیر نے 10 مرتبہ گیند جال میں پہنچائی،سوہا ہیرانی نے 5 گول جڑے،واپڈا نے گلگت ویمنز ایف سی کو 14 گول سے ٹھکانے لگایا،میچز میں یکطرفہ مقابلے ٹیموں کے معیار کی عکاسی کر رہے ہیں، امید ہے کہ آگے چل کر کھیل میں توازن بہتر ہوگا۔


دوسری جانب چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے آنے والی غیرملکی فٹبالرز نے اپنے تجربے کو خوشگوار قرار دیا ہے، انجیلا کہتی ہیں کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے،بہترین کھانوں اور شاندار میزبانی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، پاکستان میں بہت زیادہ عزت اور احترام مل رہا ہے۔


سارو کا کہنا ہے کہ پاکستان ویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں شرکت کرکے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کرنے کا موقع مل رہا ہے، مزے مزے کے کھانے بھی مل رہے ہیں۔


یاد رہے کہ فیفا کی نگرانی کے سبب قومی ویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں قواعد و ضوابط اور قوانین پر سختی سے عمل کیا جارہاہے، پہلے ہی مقابلے کے بعد میچ کمشنر و سابق قومی کپتان علی نواز کو ذمہ داری سے سبکدوش کردیا گیا،وہ میچ میں تیکنیکی غلطیوں کے مرتکب ہوئے، علی نواز پاکستان فٹبال میں نمایاں مقام اور حیثیت رکھتے ہیں، لیکن اصولوں کا سودا نہ کرتے ہوئے یہ فیصلہ احسن اقدام قرار دیا جاسکتا ہے۔


امید ہے کہ فٹبال کا کھیل فیفا کے بینر تلے اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا اور ویمنز فٹبال کی بھی ترقی ہوگی، نارملائزیشن کمیٹی کو الیکشن کا مرحلہ بھی مکمل کرنا ہے، اس کیلئے بروقت اور درست اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے، فیفا کا اعتماد بحال ہونے پر پاکستان میں فٹبال کی بہتری کیلئے نئی راہیں کھلیں گی۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔