دورۂ جنوبی افریقا کے لیے ٹریننگ کیمپ کا محفوظ انعقاد چیلنج بن گیا

وائرس سے بچاؤ کیلیے حفاظتی حصار تیار کرنے کی پلاننگ جاری، ڈاکٹر ریاض بائیو سیکیورٹی افسر مقرر


Sports Reporter/Abbas Raza March 15, 2021
قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کو فوراً گھر واپس بھیجاجائے گا، ہوٹل میں مختص فلور پر کسی غیرمتعلقہ شخص کو آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی

دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلیے ٹریننگ کیمپ کا محفوظ انعقاد بورڈ کیلیے چیلنج بن گیا۔

کورونا کے وار بیکار کرنے کیلیے تدبیریں ہونے لگیں، وائرس سے بچاؤ کیلیے حفاظتی حصار تیار کرنے کی پلاننگ ہورہی ہے، استعفٰی جمع کروانے والے ڈاکٹر سہیل سلیم کی جگہ ڈاکٹر ریاض بائیو سیکیورٹی افسر کا کردار نبھائیں گے، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کے دوران بنائے گئے پروٹوکولز کو مزید سخت بنانے کیلیے کام جاری ہے، کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کو واٹس ایپ پر میسیجز کے ذریعے احتیاطی تدابیر سے آگاہی دینے کیساتھ لاہور آمد پر احتیاط کا سبق دوبارہ یاد کرایا جائے گا۔

کسی بھی خلاف ورزی پر گھر بھیجنے کا پیغام بھی دیا جائے گا، ہوٹل میں مختص فلور پر کسی غیرمتعلقہ شخص کو آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریننگ کے دوران قذافی اسٹیڈیم میں انتظامات کیلیے حکمت عملی بنائی جارہی ہے، میدان سے باہر جانے والی گیند کو سینیٹائز کیے بغیر استعمال نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس دورہ انگلینڈ کے وقت بائیو سیکیورٹی کیلیے درکار اقدامات کا بہتر اندازہ نہیں تھا، دنیا بھی کورونا کی روک تھام کیلیے مختلف معاملات میں کسی نتیجے تک پہنچنے کی کوشش کررہی تھی۔

اس صورتحال میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں محدود رہائشی سہولیات کو دیکھتے ہوئے بالآخر تربیتی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس کے بعد پی سی بی نے گزشتہ سال اکتوبر، نومبر میں زمبابوے اور رواں سال جنوری، فروری میں جنوبی افریقہ کی میزبانی کرنے کیساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے بھی بائیو ببل بنانے کے کامیاب تجربات کیے، تاہم سنگین غلطیوں کے سبب پی ایس ایل 6کے کراچی میں جاری میچز ملتوی کرنا پڑے، ایونٹ مکمل کرنے کیلیے اب جون کا انتظار کرنا ہوگا۔

اس ناکامی کی وجہ سے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے قبل تربیتی کیمپ کے دوران کورونا کے وار بیکار کرنے کیلیے سخت حفاظتی حصار تیار کرنے کی پلاننگ ہورہی ہے، بورڈ کی جانب سے پہلے ہی آگاہ کیا جاچکا کہ وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کے پہلیکورونا ٹیسٹ 16مارچ کو گھروں میں ہی ہوں گے، دوسری ٹیسٹنگ 18کو لاہور آمد پر ہوگی، یہاں کسی کی رپورٹ مثبت آئی تو اس کو آئسولیٹ کردیا جائے گا، کلیئرنس پانے والے کھلاڑی اگلے روز سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔

تیسری اور چوتھی ٹیسٹنگ 21 اور 24 مارچ کو ہوٹل میں ہوگی، اسکواڈ 26 مارچ کو اپنی پہلی منزل جوہانسبرگ روانہ ہوگا، پی ایس ایل کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے بائیو سیکیورٹی پر کسی مصلحت سے کام نہیں لیا جائے، لیگ کے التوا پر ہونے والی سخت تنقید کے بعد میڈیکل پنیل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے استعفٰی دیدیا تھا اور ایک ماہ کے نوٹس پیریڈ پر ہیں، ریاض احمد بطور ٹیم ڈاکٹر اسکواڈ کے ہمراہ ہوں گے، انھیں کیمپ اور بعد ازاں ٹور کے دوران بائیوسیکیورٹی افسر کا کردار بھی نبھانا ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کے دوران بنائے گئے پروٹوکولز کو مزید سخت بنانے کیلیے کام کیا جارہا ہے، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو واٹس ایپ پر میسیجز کے ذریعے احتیاطی تدابیر سے آگاہی دینے کیساتھ لاہور آمد پر بائیو سیکیورٹی کا سبق دوبارہ یاد کرایا جائے گا، کسی بھی خلاف ورزی پر گھر بھیجنے کا پیغام بھی دیا جائے گا، ہوٹل میں اسکواڈ کیلیے مختص فلور پر کسی غیرمتعلقہ شخص کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

آمدورفت کیلیے استعمال ہونے والی بس کو بھی ڈس انفیکٹ کیا جائے گا، قذافی اسٹیڈیم میں بائیو سیکیور ماحول بنانے کیلیے پلاننگ بھی کی جارہی ہے، یہاں میدان سے باہر جانے والی گیند کو سینیٹائز کیے بغیر استعمال نہیں کیا جائے گا، یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شیڈول ہیں، قومی کرکٹرز وہاں سے 17 اپریل کو 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کھیلنے زمبابوے روانہ ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں