خیبرپختونخوامیں 70 سے کم عمر اورغیر شیڈولڈافراد کی کورونا ویکسی نیشن روک دی گئی

ویکسی نیشن کے تمام وسائل 70 سال اور اس سے زائد عمر افراد کی ویکسی نیشن کی جانب منتقل


شاہدہ پروین March 18, 2021
خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 3734 معمر شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں 70 سے کم عمر اور غیر شیڈولڈ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کو روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں ہیلتھ کیئر ورکرز کی کورونا ویکسی نیشن سے متعلق نئی پالیسی جاری کر دی ہے جس کے تحت اب تمام وسائل 70 سال سے زائد العمر افراد کی کورونا ویکسینیشن کے لئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ 70 سے کم عمر اور غیر شیڈولڈ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کو روک دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران صوبے میں مجموعی طور پر 3 ہزار 734 معمر شہریوں کو کورونا سے بچاو کی ویکسین دی گئی ہے۔صوبے میں اب تک 60 سال اور زائد العمر کے 7 ہزار 734 افراد کو کورونا کی ویکسین دی جاچکی ہے۔ گزشتہ روز صوبے میں 1300 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین کی دوسری خوراک بھی دی گئی ہے اس طرح صوبے میں اب تک 5 ہزار 484 ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک دی جاچکی ہے جبکہ 28 ہزار 405 ہیلتھ کیئر ورکرز ویکسین کی پہلی ڈوز لے چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے محکمہ صحت نے کورونا ویکسی نیشن کی نئی پالیسی کے حوالے سے صوبے کے تمام اسپتالوں کے ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔ مراسلے میں متعلقہ حکام کو ہیلتھ ورکرزکی رجسٹریشن روکنے کا حکم دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اب باقی ماندہ ہیلتھ ورکرز کو عمر گروپ کے لحاظ سے رجسٹر کیا جائے گا۔ 60 سے 69 سال عمر کی شیڈولنگ بھی روک دی گئی ہے اب تمام وسائل 70 سال اور اس سے زائد عمر افراد کی ویکسی نیشن کی جانب منتقل کئے گئے ہیں تاہم پہلے سے رجسٹر افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ حکام اور ویکسی نیشن سنٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ 70 سال سے کم عمر اور غیرشیڈولڈ افراد کی ویکسی نیشن نہ کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں